چینی شہریوں سے برآمد ہونے والا اسلحہ —فوٹو: شفیق بٹ
چینی شہریوں سے برآمد ہونے والا اسلحہ —فوٹو: شفیق بٹ

ساہیوال: قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پاور پلانٹ کے قریب سے ہتھیاروں سمیت گرفتار ہونے والے چینی شہریوں سے تفتیش کا آغاز کردیا۔

ذرائع نے تصدیق کی کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار نے 8 چینی باشندوں کو گرفتار کیا تھا جن کے بیگس سے ہتھیار برآمد ہوئے تھے۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ مذکورہ چینی شہریوں کو ساہیوال کے پاور پلانٹ کے قریب سے گرفتار کیا گیا، جن سے سیکیورٹی ایجنسیز تفتیش کرہی ہیں۔

مزید پڑھیں: ‘قومی خزانے پر بوجھ بننے والے پاور پلانٹس کو بند کیا جائے’

سیکیورٹی حکام نے غیر ملکی باشندوں کے بیگ سے ایک مشین گن، ایک پستول، پمپ ایکشن، کارٹریجز، گولیاں اور ٹیلی اسکوپ برآمد کیا ہے۔

بعدِ ازاں پولیس نے ساہیوال بائی پاس پر گلشن نور کے علاقے میں موجود ایک کار سے بڑی تعداد میں غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا تھا۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) غلام مبشر میکن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خفیہ معلومات پر کارروائی کرتے ہوئے کار کے پوشیدہ حصوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کیا۔

یہ بھی پڑھیں: سی پیک منصوبوں پر چینی قیدیوں کے کام کرنے کا انکشاف

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے ایک اسلحہ ڈیلر ایوب خان اور اس کے 3 ساتھیوں عرفان خان، رضوان اور محمد شکیل کو گرفتار کرلیا ہے جن کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ سے ہے۔

ڈی پی او نے مزید بتایا کہ پولیس نے ملزمان سے متعدد پمپ ایکشن، 223 بور کی 2 رائفلز، 30 بور کی 2 سو 94 پستول اور 9 ہزار ایک سو مختلف راؤنڈز بھی برآمد کیے۔

پولیس افسر کا یہ بھی کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے نے کار سے 14 لاکھ 70 ہزار روپے بھی برآمد کیے۔


یہ خبر 13 اگست2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں