بھارت کو میزبان انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی بد ترین شکست سے دوچار ہونا پڑا جس کے بعد سابق کرکٹرز نے کپتان ویرات کوہلی سمیت پوری ٹیم پر تنقید کے تیر برسانا شروع کردیے۔

سابق کرکٹرز نے بھارتی کپتان اور ٹیم کی ناقص کارکردگی اور حکمتِ عملی کو میزبان ٹیم سے شکست کی وجہ بتائی۔

سابق کرکٹر وی وی ایس لکشمن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی ٹیم نامساعد حالات کا شکار ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں: انگلینڈ کا 1000 واں ٹیسٹ یادگار، سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو شکست

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارٹی ٹیم نے مخالف ٹیم کو سمجھنے کی کوشش ہی نہیں کی۔

تجزیہ کار ہرشا بوگلے کہتے ہیں کہ نئی بھارت سے باہر ممالک میں نئی گیند بہت زیادہ اثرانداز ہوتی ہے، تاہم جب اوپنر نئی گیند کو کھیل کر پرانا کرتے ہیں تو اس کے بعد مڈل آرڈر میں جان آجاتی ہے۔

سابق جارح مزاج بلے باز وریندر سہواگ نے بھارتی ٹیم کی کارکردگی کو انتہائی ناقص قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہر لمحہ اپنی ٹیم کی حمایت کرنی چاہیے لیکن بغیر کسی لڑائی کے ہار جانا بہت مایوس کن ہے۔

موقع کے مناسبت سے محمد کیف نے بھی تنقید کے تیر برساتے ہوئے کہا کہ بھارتی ٹیم کا اس طرح ہار جانا انتہائی درد ناک ہے۔

ادھر بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے اعتراف کیا کہ میزبان ٹیم نے بھارت کو ہر شعبے میں آؤٹ کلاس کردیا تھا۔

بھارتی اخبار دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ یہ ڈھکی چھپی بات نہیں ہے کہ ہم اچھا نہیں کھیلے، بلکہ ہم سے غطلیاں ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: لارڈز ٹیسٹ: بھارت کو اننگز اور159 رنز سے بدترین شکست

واضح رہے کہ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان 5 ٹیسٹ مچوں پر مشتمل سیریز جاری ہے جس میں بھارت کو ابتدائی 2 میچوں میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ ٹیسٹ سیریز سے قبل بھارت اور انگلینڈ کے مابین 3، 3 میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سریز کھیلی گئیں۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز 1-2 سے بھارت کے نام رہی جبکہ ون ڈے سیریز اسی مارجن کے ساتھ انگلینڈ نے اپنے نام کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں