اسلام آباد: چین کی پیپلز آرمڈ پولیس فورس کے کمانڈر جنرل وانگ ننگ اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان ملاقات میں انسداد دہشت گردی تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف اور کمانڈر جنرل وانگ ننگ کی ملاقات راولپنڈی میں ہوئی جس میں پیشہ وارانہ امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: انسداد دہشت گردی: پاکستان کی فرانس کو تعاون کی پیشکش

آئی ایس پی آر کے مطابق ’چینی جنرل نے علاقائی امن اور سلامتی کے حوالے سے پاک فوج کے کردار کو سراہا اور سیکیورٹی، پیشہ وارانہ صلاحیت میں اضافے سمیت انسداد دہشت سے متعلق امور میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر زور دیا‘۔

واضح رہے کہ چین کی پیپلز آرمڈ پولیس فورس پیرا ملٹری فورس ہوتی ہے جو خطے میں امن و سلامتی کے لیے انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں کرتی ہے، سرحدوں پر تقریباً 10 لاکھ 15 ہزار پیرا ملٹری فورسز تعینات ہے۔

مزید پڑھیں: انسداد دہشت گردی : پاکستان، ایران میں مزید تعاون پر اتفاق

اس حوالے سے ماہرین کا موقف ہے کہ اگرچہ چینی جنرل کی آمد شیڈول کے مطابق ہے لیکن گلگت بلتستان میں شرپسند عناصر کی موجودگی میں چینی جنرل کی آرمی چیف سے ملاقات غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے۔

خیال رہے کہ چین کی سرحدیں گلگت بلتستان سے ملحق ہے جہاں رواں ماہ کے آغاز میں دہشت گردوں نے دیامر میں لڑکیوں کے اسکولوں کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا تھا۔


یہ خبر 14 اگست 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں