کراچی مسلسل چوتھے سال 'رہائش' کے حوالے دنیا کے بدترین شہروں میں شامل کیا گیا ہے۔

دی اکنامسٹ گروپ کے اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ (ای آئی یو) نے اپنی سالانہ رپورٹ میں جاری کی ہے جس میں رہائش کے لحاظ سے 140 شہروں کی درجہ بندی بہترین سے بدترین کے زمرے میں کی ہے۔

کراچی گزشتہ سال اس فہرست میں 134 ویں نمبر پر تھا مگر اس سال یہ 3 درجے تنزلی سے 137 ویں پر چلا گیا۔

مزید پڑھیں : 2017 میں رہائش کے لیے دنیا کے 10 بہترین شہر

اس فہرست میں کراچی سے آگے نائیجریا کا شہر لاگوس (138)، بنگلہ دیش کا ڈھاکا (139) اور شامی شہر دمشق (140) موجود ہیں۔

دوسری جانب پہلی بار آسٹریا کے دارالحکومت ویانا نے آسٹریلین شہر میلبورن کو شکست دے کر رہائش کے لیے سب سے بہترین شہر کا اعزاز اپنے نام کیا۔

میلبورن مسلسل 7 برس تک دنیا میں رہائش کے لیے بہترین شہر قرار پایا تھا۔

شہروں کی درجہ بندی امن و امان، استحکام، صحت کی سہولیات، ثقافت و ماحول، تعلیم اور ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کے شعبوں کو مدنظر رکھ کی گئی۔

ان شعبوں میں ویانا نے 99.1 اسکور کے ساتھ میلبورن کو شکست دی جو کہ 98.4 اسکور کے ساتھ دوسرے جبکہ جاپانی شہر اوساکا تیسرے نمبر پر رہا۔

کینیڈا کا شہر کیلگری چوتھے، آسٹریلین شہر سڈنی 5 ویں، کینیڈا کا ہی وینکوور چھٹے اور ٹورنٹو ، جاپانی دارالحکومت ٹوکیو کے ساتھ مشترکہ طور پر 7 ویں نمبر پر رہا۔

کوپن ہیگن کے حصے میں 9 واں جبکہ ایڈیلیڈ 10 واں بہترین شہر قرار پایا۔

حیران کن طور پر پیرس 19 ویں، لندن 48 ویں اور نیویارک 57 ویں نمبر پر موجود ہیں، جس کی وجہ رپورٹ میں جرائم کی بلند شرح اور انفراسٹرکچر کے مسائل بتائے گئے۔

تبصرے (0) بند ہیں