قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے 4 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جانچ پڑتال کے بعد درست قرار دے دیے گئے۔

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے پولنگ 15 اگست کو قومی اسمبلی میں خفیہ رائے شماری ہو گی۔

پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے اسد قیصر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے خورشید شاہ کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے جس کو قومی اسمبلی کے سیکریٹری نے منظور کیا۔

پی ٹی آئی کے قاسم سوری اور حزب اختلاف کے اسعد محمود نے ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

پولنگ کا عمل

قومی اسمبلی میں 15 اگست کو پہلے مرحلے میں موجودہ اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس میں نئے اسپیکر قومی اسمبلی کا انتخاب ہوگا۔

اجلاس کے آغاز کے بعد ووٹنگ کا عمل شروع ہوجائے گا اور ہر ووٹر کو بیلٹ پیپر سیکریٹری اسمبلی کی طرف سے جاری کیا جائے گا۔

کسی بھی رکن کو موبائل سے ووٹ کی تصویر بنانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ہر امیدوار اپنے 2، 2 پولنگ ایجنٹوں کے نام اسپیکر کو دے سکے گا۔

ووٹرز لسٹ کے مطابق جب تمام ووٹرز ووٹ ڈال لیں گے تو اسپیکر ووٹنگ ختم ہونے کا اعلان کریں گے۔

ووٹنگ ختم ہونے کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی سب کے سامنے نتیجے کا اعلان کریں گے اور کامیاب امیدوار سے اسپیکر کا حلف لیں گے اور خود سبکدوش ہو کر رکن قومی اسمبلی کا حلف لیں گے۔

بعد ازاں نو منتخب اسپیکر اسی طریقہ کار کے تحت ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کروائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں