پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نومنتخب رکنِ صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عمران علی شاہ نے تھپڑوں کا نشانہ بننے والے شہری کے گھر جا کر معذرت کرلی۔ اس ضمن میں تصاویر بھی جاری کی گئیں جس میں انہوں نے شہری سے معافی مانگتے ہوئے انہیں گلے لگایا ہوا ہے۔

اس سے قبل تحریک انصاف نے کراچی میں شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے والے رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عمران علی شاہ کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیرتے ہوئے وضاحت پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ڈاکٹر عمران علی شاہ کو شہری پر تھپڑوں کی بارش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا اور اس دوران ان کے گارڈز بھی برابر میں کھڑے تھے۔

جب ویڈیو سوشل میڈیا پر عوام کی توجہ کا مرکز بنی اور اس پر تنقید کی جانے لگی تو پی ٹی آئی رکن صوبائی اسمبلی نے واقعے کی وضاحتی ویڈیو جاری کی اور اپنا موقف پیش کیا۔

عمران علی شاہ کا ویڈیو میں کہنا تھا کہ انہوں نے گاڑی چلاتے ہوئے ایک شخص کو غریب آدمی کے گاڑی پر بار بار ٹکر مارتے اور اسے روکتے ہوئے دیکھا جس پر ان سے رہا نہیں گیا۔

ان کے مطابق انہوں نے گاڑی سے اتر کر مذکورہ شخص سے غریب آدمی کا راستہ روکنے پر معافی مانگنے کا کہا جس پر اس شخص نے ان کو گالی دی اور دھکا دیا تو جواب میں اس کو بھی دھکا دیا۔

تحریک انصاف کے ایم پی اے نے وضاحتی ویڈیو میں کہا کہ ’میں تشدد نہیں دیکھ سکتا اور اگر میری اس حرکت سے کسی کے جذبات مجروح ہوئے ہوں تو معافی چاہتا ہوں‘۔

ویڈیو میں انہوں نے بارہا کہا کہ واقعہ اس لیے نہیں ہوا کہ اس شخص نے ان کی گاڑی کو ٹکر ماری تھی۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی نے ٹویٹر میں اپنے پیغام میں کہا کہ انہوں نے وائرل ہونے والی ویڈیو دیکھ لی ہے اور معاملے پر مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹر عمران کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا گیا ہے اور اس معاملے پر مزید پیش رفت سے عوام کو آگاہ رکھیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں