’کچھ رشتے زمین سے ہوتے ہیں اور کچھ خون سے‘

فلم 2019 کی عید پر ریلیز ہوگی —فوٹو/ اسکرین شاٹ
فلم 2019 کی عید پر ریلیز ہوگی —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ دبنگ اداکار سلمان خان کی فلم ’بھارت‘ کی ابھی کاسٹ کو فائنل ہوئے کچھ ہی وقت گزرا تھا کہ اب فلم کا پہلا ٹیزر بھی سامنے آگیا۔

اس ٹیزر میں سلمان خان کو دکھایا تو نہیں، تاہم وہ فلم کا ایک اہم ڈائیلاگ ’بابو جی کہتے تھے، کچھ رشتے زمین سے ہوتے ہیں اور کچھ رشتے خون سے، میرے پاس دونوں ہی تھے‘ بولتے نظر آئے۔

فلم ’بھارت‘ میں سلمان خان مرکزی کردار ادا کررہے ہیں، جبکہ ان کے ہمراہ کترینہ کیف، تبو اور دیشا پٹانی اہم کردار ادا کریں گی۔

کترینہ کیف کا اس فلم میں دیشا پٹانی سے زیادہ اہم کردار ہوگا۔

یاد رہے کہ کترینہ سے قبل یہ کردار پریانکا چوپڑا ادا کررہی تھیں، تاہم عین وقت پر انہوں نے فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا، جس کے بعد کترینہ کیف کو کاسٹ کیا گیا۔

پریانکا چوپڑا کے فلم کی شوٹنگ کے آغاز سے چند روز قبل انکار کرنے پر پروڈیوسر نے انہیں غیر ذمہ دار بھی کہا تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ کترینہ پہلے اس فلم میں ایک مختصر کردار ادا کرنے والی تھیں، تاہم بعدازاں انہوں نے اس کردار سے انکار کردیا، اس فیصلے میں فلم کے ہدایت کار نے بھی ان کا ساتھ دیا تھا۔

فلم ’بھارت‘ 2014 کی جنوبی کوریا کی فلم ’اوڈ ٹو مائے فادر‘ کی کہانی پر مبنی ہے۔

اس فلم میں 60 سال کا دور دکھایا جائے گا، جس میں سلمان خان 5 الگ انداز کے لکس میں نظر آئیں گے۔

’بھارت‘ اگلے سال عید کے موقع پر ریلیز ہوگی۔

تبصرے (0) بند ہیں