عام سے وائی فائی سگنلز کو بہت جلد کم قیمت سیکیورٹی ٹول کے طور پر استعمال کرکے زہریلے کیمیکلز، بم اور ہتھیاروں کو پکڑنے کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔

یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آیا۔

ریٹگرز یونیورسٹی (Rutgers University) کی تحقیق میں اس کی کامیاب آزمائش بھی کی گئی اور ثابت ہوا کہ وائی فائی سگنل بیگز کے اندر موجود خطرناک اشیاء کی درست حجم شناخت کرنے یا سیال کی مقدار کا تخمینہ بتا سکتے ہیں۔

متعدد ٹرائلز کے بعد محققین نے دریافت کیا کہ یہ نظام 95 فیصد تک درست ہوتا ہے۔

محققین نے توقع ظاہر کہ اس نظام سے میوزیم، اسٹیڈیم، تھیم پارکس، اسکولوں اور دیگر عوامی مقامات کو زیادہ محفوظ بنایا جاسکے گا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ عوام کو خطرناک اشیاء سے بچانے میں اہم کردار ادا کرسکے گا اور موجودہ حالات میں اس طرح کے نظام کی ضرورت زیادہ بڑھ چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ روایتی سیکیورٹی سسٹمز کے مقابلے میں سستا بھی ہے اور اسے کہیں بھی نصب کرنا آسان ہونے کے ساتھ لوگوں کی پرائیویسی کو تحفظ بھی فراہم کرتا ہے۔

تحقیق کے مطابق اس وقت بیگز کی تلاشی کے لیے انسانوں کی ضرورت پڑتی ہے اور ہم ایسا طریقہ کار تشکیل دینا چاہتے ہیں جس سے اس ضرورت کو کم سے کم کیا جاسکے۔

اس نظام میں وائی فائی ڈیوائس کو 2 یا 3 انٹینا کے ساتھ استعمال کیا جاتا ہے، جن میں سے ایک انٹینا سگنل خارج کرتا ہے جبکہ دوسرا موصول کرتا ہے۔

فوٹو بشکریہ Rutgers یونیورسٹی
فوٹو بشکریہ Rutgers یونیورسٹی

محققین کا دعویٰ تھا کہ یہ نظام ٹھوس اشیاء جیسے ہتھیاروں، المونیم کین، لیپ ٹاپ اور بیٹریز کو شناخت کرسکتا ہے جبکہ سیال جیسے پانی، تیزاب، الکحل اور دیگر کیمیکلز کے حجم کا تخمینہ بھی لگاسکتا ہے۔

فی الحال ابتدا میں اس ٹیکنالوجی کو امریکا بھر میں منتخب ائیرپورٹس پر آزمایا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں