ودیا بالن، اندرا گاندھی سے جے للیتا اور سابق وزیراعلیٰ کی بیوی تک

ودیا بالن نے فلموں کی شوٹنگ شروع کردی—فوٹو: اداکارہ انسٹاگرام
ودیا بالن نے فلموں کی شوٹنگ شروع کردی—فوٹو: اداکارہ انسٹاگرام

بولی وڈ کی ‘ڈرٹی گرل’ ودیا بالن جلد ہی ایک نہیں بلکہ متعدد بائیوگرافی فلموں اور ویب سیریز میں بھارت کی انتہائی بااثر اور اہم خواتین کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

اگرچہ یہ اطلاعات بھی تھیں کہ ودیابالن بولی وڈ کی سابق اداکارہ مینا کماری سمیت دیگر اداکاراؤں کی زندگی پر بننے والی فلموں میں بھی جلوے دکھاتی نظر آئیں گی۔

تاہم تاحال اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ وہ فلموں میں مینا کماری سمیت دیگر اداکاراؤں کے روپ میں نظر آئیں گی۔

لیکن اس بات کی تصدیق ہوچکی ہے کہ ودیابالن آنے والی ایک فلم میں سابق بھارتی اداکارہ اور ریاست تامل ناڈو کی سابق آنجھانی وزیر اعلیٰ جے للیتا جب کہ ایک اور فلم میں سابق اداکار اور ریاست آندھرا پردیش کے آنجھانی سابق وزیراعلیٰ نندا موری تارک راما راؤ جو این ٹی آر کے نام سے مشہور تھے ان کی بیوی کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

ساتھ ہی اس بات کی بھی تصدیق ہوگئی ہے کہ ودیا بالن جلد ہی ایک ویب سیریز میں بھارت کی سابق پہلی خاتون وزیر اعظم اندرا گاندھی کا بھی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

یوں ودیابالن اب تک کی وہ پہلی بولی وڈ اداکارہ بن جائیں گی جو بھارت کی اہم سیاستدان خواتین کا کردار نبھائیں گی۔

جے للیتا کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم ہندی میں بھی ریلیز کی جائے گی—فوٹو: ودیا بالن انسٹاگرام
جے للیتا کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم ہندی میں بھی ریلیز کی جائے گی—فوٹو: ودیا بالن انسٹاگرام

ہندوستان ٹائمز کے مطابق تامل ناڈو کی 2 فلم ساز کمپنیوں نے اس بات کی تصدیق کردی کہ جے للیتا کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کی شوٹنگ جاری ہے اور اسے آئندہ ماہ فروری میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ جیا رام جے للیتا دسمبر 2016 میں طویل علالت کے بعد چل بسیں تھیں، انہیں تامل ناڈو کا عوام ‘اماں‘ بھی پکارتا تھا۔

وہ سیاست میں آنے سے قبل فلموں میں اداکاری کرتی تھیں، وہ عوام میں بے حد مقبول تھیں اور ایک سے زائد بار ریاست میں وزیر اعلیٰ رہیں۔

علاو ازیں ایسٹرن آئی کے مطابق ودیا بالن جلد ہی ویب سیریز میں اندرا گاندھی کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

رپورٹ کے مطابق پہلے یہ اطلاعات تھیں کہ ویب سیریز کی کہانی فلم لکھاری اور صحافی سگاریکا گوس کی کتاب ’اندرا: بھارت کی سب سے طاقتور وزیر اعظم‘ نامی کتاب سے لی جائے گی، تاہم اب فلم کی کہانی کتاب سے نہیں لی جائے گی۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ اس فلم میں ودیا بالن کے ساتھ اور کون سے اداکار جلوہ گر ہوں گے۔

ایک فلم میں اداکارہ این ٹی آر کی بیوی کا کردار نبھائیں گی—فوٹو: ودیا بالن انسٹاگرام
ایک فلم میں اداکارہ این ٹی آر کی بیوی کا کردار نبھائیں گی—فوٹو: ودیا بالن انسٹاگرام

دوسری جانب این ڈی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ودیا بالن جلد ہی ریاست آندھرا پردیش کے سابق آنجھانی وزیر اعلیٰ اور ماضی کے اداکار اور فلم ڈائریکٹر نندا موری تارک راما راؤ (این ٹی آر) کی زندگی پر بنائے جانے والی فلم میں بھی نظر آئیں گی۔

این ٹی آر کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کی شوٹنگ کا آغاز کردیا گیا ہے، جس کی شوٹنگ کے لیے ودیابالن بھی ریاست ہریانہ جا چکی ہیں۔ اس فلم میں ودیابالن این ٹی آر کی اہلیہ کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں این ٹی آر کا کردار ان کے بیٹے اداکار اور سیاستدان نندا موری بالا کرشنا جنہیں این بی کے بھی پکارا جاتا ہے وہ کرتے نظر آئیں گے۔

خیال رہے کہ این ٹی آر 72 سال کی عمر میں 1996 میں چل بسے تھے، وہ بھی سیاست میں آنے اور آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ بننے سے قبل تامل اور تیلگو سمیت دیگر زبانوں میں بننے والی فلموں میں اداکاری کرتے تھے۔

انہیں تامل اور تیلگو فلموں میں وہ درجہ حاصل تھا، جو ہندی فلموں میں دلیپ کمار کو حاصل رہا۔

ویب سیریز میں وہ اندرا گاندھی کا کردار نبھائیں گی—فوٹو: ودیا بالن انسٹاگرام
ویب سیریز میں وہ اندرا گاندھی کا کردار نبھائیں گی—فوٹو: ودیا بالن انسٹاگرام

تبصرے (0) بند ہیں