اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سابق صوبائی وزیر شاہ فرمان کو خیبر پختونخوا کا گورنر بنانے کا فیصلہ کر لیا۔

ترجمان تحریک انصاف کے مطابق پارٹی چیئرمین عمران خان نے شاہ فرمان کو خیبر پختونخوا کا گورنر بنانے کی منظوری دے دی۔

واضح رہے کہ شاہ فرمان کو خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کے لیے مضبوط امیدوار سمجھا جارہا تھا۔

تاہم وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے لیے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے نیا چہرہ متعارف کروانے کا فیصلہ کیا تھا اور محمود خان کو قائدِ ایوان کے لیے نامزد کیا تھا۔

خیبر پختونخوا کا گورنر نامزد کیے جانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران شاہ فرمان نے کہا کہ 'بہت بڑی ذمہ داری دی جارہی ہے جس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔'

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا عمران اسماعیل کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ 'فاٹا کو خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں کے برابر ترقی دیں گے، قبائلی عوام کا طرز زندگی بہتر بنانے کی کوشش کریں گے اور قبائلی علاقے کے وسائل عوام پر خرچ کیے جائیں گے۔'

شاہ فرمان نے حالیہ عام انتخابات میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کے حلقوں 70 اور 71 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

تاہم پی کے 70 پشاور 5 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے امیدوار خوش دل خان کامیاب ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے استعفیٰ دے دیا

یاد رہے کہ تحریک انصاف وفاق میں حکومت سازی کا عمل آگے بڑھتے ہی صوبوں میں گورنرز کی تبدیلی کا آغاز کردیا ہے۔

پی ٹی آئی نے عمران اسمٰعیل کو گورنر سندھ کے لیے نامزد کیا ہے، جبکہ پنجاب کے گورنر کے لیے چوہدری سرور کے نام کی گونج سنائی دے رہی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں