خیبرپختونخوا (کے پی) کے گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے صوبے کے نئے وزیراعلیٰ محمود خان سے ان کے عہدے کا حلف لینے کے بعد خود استعفیٰ دے دیا۔

پشاور میں گورنر ہاؤس میں وزیراعلیٰ کی حلف برداری کی تقریب ہوئی جس کے بعد اقبال ظفر جھگڑا نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت ممنون حسین کو ارسال کر دیا۔

یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اقبال ظفر جھگڑا کو سردار مہتاب عباسی کے استعفے کے بعد مارچ 2016 میں کے پی کا گورنر مقرر کیا تھا۔

دوسری جانب عام انتخابات میں کامیابی کے بعد وفاق اور صوبے میں حکومت بنانے والی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے شاہ فرمان کو گورنر کے پی بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا باقاعدہ اعلان بھی کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے ایک روز قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ چیئرمین عمران خان نے شاہ فرمان کو گورنر بنانے کی منظوری دے دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:گورنر سندھ محمد زبیر نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

شاہ فرمان نے گورنر مقرر کیے جانے کے فیصلے کے بعد کہا کہ 'بہت بڑی ذمہ داری دی جارہی ہے جس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'فاٹا کو خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں کے برابر ترقی دیں گے، قبائلی عوام کا طرز زندگی بہتر بنانے کی کوشش کریں گے اور قبائلی علاقے کے وسائل عوام پر خرچ کیے جائیں گے'۔

خیال رہے کہ شاہ فرمان نے حالیہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کے 2 حلقوں پی کے-70 اور پی کے-71 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

مزید پڑھیں:گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے استعفیٰ دے دیا

تاہم پی کے 70 پشاور 5 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے امیدوار خوش دل خان کامیاب ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی کامیابی کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مقرر کیے گئے گورنرز نے استعفے دے دیے تھے۔

سب سے پہلے گورنر سندھ محمد زبیر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد پنجاب کے گورنر رفیق رجوانہ نے بھی مستعفی ہو کر دوبارہ وکالت شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پی ٹی آئی نے پنجاب کے لیے سابق گورنر چوہدری سرور اور عمران اسماعیل کو سندھ کا گورنر بنانے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں