اقوامِ متحدہ کے سابق سیکریٹری جنرل اور نوبل انعام یافتہ کوفی عنان 80 سال کی عمر میں انتقال کر گئے، اقوامِ متحدہ کی جانب سے بھی ان کے انتقال کی تصدیق کردی گئی ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق کوفی عنان 1938 میں افریقہ کےملک گھانا میں پیدا ہوئے، اور 1997 سے 2006 تک اقوامِ متحدہ کے ساتویں سیکریٹری جنرل کے عہدے پر فائز رہے۔

وہ پہلے سیاہ فام شخص تھے جو اقوامِ متحدہ کے عہدیداروں میں سے ترقی کرتے ہوئے اس اعلیٰ ترین منصب تک پہنچے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کوفی عنان کی آمد پر میانمار میں بدھ مت کے پیروکاروں کا احتجاج

سال 2007 سے کوفی عنان ’دی ایلڈرز‘ نامی گروپ کے رکن بھی رہے، جو عالمی رہنماؤں پر مشتمل ایک تنظیم ہے اور اپنی ابتدا سے انسانی حقوق کے لیے کام کرتی ہے۔

2013 میں وہ اس تنظیم کے چیئرمین کے منصب پر تعینات ہوئے، بعدازاں وہ شام کے لیے اقوامِ متحدہ کے خصوصی ایلچی بھی مقرر ہوئے اور پر امن حل کے لیے کوششیں کی۔

انہیں 2001 میں اقوامِ متحدہ کی شراکت میں نوبل امن انعام سے نوازا گیا جو ایک بہتر اور پرامن دنیا کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف تھا۔

مزید پڑھیں: شام کیلیے نمائندہ خصوصی کوفی عنان مستعفیٰ

کوفی عنان کے لواحقین میں بیوہ اور 3 بچے شامل ہیں، دنیا بھر سے کوفی عنان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور تعزیتی پیغامات جاری ہوئے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں