منگنی کے بعد کامیاب زندگی کیلئے پریانکا کو ماں کی تجاویز

منگنی کے موقع پر دونوں خاندان کےا فراد کی کھینچی گئی تصویر—فوٹو: پنک ولا
منگنی کے موقع پر دونوں خاندان کےا فراد کی کھینچی گئی تصویر—فوٹو: پنک ولا

بولی وڈ پگی چوپس پریانکا چوپڑا اور امریکی گلوکار نک جونس نے 18 اگست کو ممبئی میں باقاعدہ طور پر منگنی کرکے ان طویل افواہوں کو ختم کردیا جو گزشتہ چند ماہ سے جاری تھے۔

جوڑے کی منگنی تقریب میں بھی متعدد بولی وڈ اسٹارز نے شرکت کی اور سب نے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

منگنی کی تقریب میں نک جونس کے بڑے بھائی جوئے جونس نے اپنی اہلیہ سمیت شرکت کی۔

امریکی گلوکار اور بھارتی اداکارہ کی منگنی بھی ہندوستانی روایات کے مطابق ہوئی اور نک جونس پوجا پاٹھ بھی کرتے نظر آئے۔

تاہم منگنی ہوتے ہی پریانکا چوپڑا کی والدہ نے جوڑے کو کامیاب ازدواجی زندگی گزارنے کے لیے چند بہترین تجاویز بھی دے ڈالیں۔

پریانکا چوپڑا کی والدہ مدھو چوپڑا نے جوڑے کو اپنے ذاتی تجربات بتاتے ہوئے تجویز دی کہ انہیں ہر دن محبت کے دن یعنی ‘ویلن ٹائنز ڈے’ کی طرح منانا چاہیے۔

نک جونس کا بھائی اور بھابھی بھی دیسے لباس میں نظر آئے—فوٹو: وائرل بھیانی انسٹاگرام
نک جونس کا بھائی اور بھابھی بھی دیسے لباس میں نظر آئے—فوٹو: وائرل بھیانی انسٹاگرام

بولی وڈ لائف کے مطابق ایک نشریاتی ادارے کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں پریانکا چوپڑا کی والدہ مدھو چوپڑا نے اپنے ہونے والے داماد اور بیٹی کو منگنی ہوتے ہی چند تجاویز دیں۔

مدھو چوپڑا نے اپنے ہونے والے داماد کو تجویز دی کہ ایک بہتر شوہر وہ ہوتا ہے جو اپنی بیوی کی صحت، ضروریات اور خواہشات سے متعلق آگاہ اور ان کا اسی حساب سے خیال رکھے۔

مدھو چوپڑا نے اپنی بیٹی کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ انہیں بطور میاں بیوی لڑنے جھگڑنے کے بجائے ایک دوسرے کے جذبات اور تجاویز کا احترام کرنا چاہیے اور انہیں ہردن محبت کے دن کی طرح گزارنا چاہیے۔

پہلے ہی اطلاعات تھیں کہ دونوں اگست میں منگنی کریں گے—فوٹو: وائرل بھیانی
پہلے ہی اطلاعات تھیں کہ دونوں اگست میں منگنی کریں گے—فوٹو: وائرل بھیانی

اسی انٹرویو میں مدھو چوپڑا نے اپنی ازدواجی زندگی کے بارے میں بتایا اور پہلی انکشاف کیا کہ انہیں ان کے شوہر نے ایک پارٹٰی میں دیکھا تھا، جہاں انہوں نے ان سے محبت کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: افواہیں ختم، پریانکا چوپڑا اور نک جونس نے منگنی کرلی

مدھو چوپڑا نے یہ بھی بتایا کہ وہ اور ان کے شوہر نے کبھی بھی غصے اور لڑائی جھگڑے سے کام نہیں لیا بلکہ تمام مسائل کو بات چیت اور مشوروں سے حل کیا۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ اپنی والدہ کے مشورے پر پریانکا چوپڑا کتنا عمل کرتی ہیں اور ان کے ہونے والے داماد ان کی تجاویز پر کس طرح عمل کرتے ہیں۔

اگرچہ پریانکا چوپڑا اور نک جونس نے ابھی منگنی کی ہے اور تاحال شادی کا اعلان نہیں کیا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ دونوں رواں برس کے اختتام تک شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ رواں برس کے اختتام تک دونوں شادی کرلیں گے—فوٹو: وائرل بھیانی
خیال کیا جا رہا ہے کہ رواں برس کے اختتام تک دونوں شادی کرلیں گے—فوٹو: وائرل بھیانی

تبصرے (0) بند ہیں