بھارت نے انگلینڈ کے خلاف 5 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ کے پہلے روز کپتان ویرات کوہلی اور راہانے کی اچھی بلےبازی کی بدولت 6 وکٹوں پر 307 رنز بنائے۔

نوٹنگھم میں کھیلے جارہے سیریز کے تیسرے میچ میں انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

شیکھر دھون اور لوکیش راہول نے 60 رنز کا ایک اچھا آغاز کیا اور پہلے آؤٹ ہونے والے بلےباز شیکھر دھون تھے جنہوں نے 35 رنز بنائے۔

لوکیش راہول 23 رنز بنا کر 65 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد چتیشور پجارا اور کپتان ویرات کوہلی نے اسکور کو 82 رنز تک پہنچایا مگر پجارا مزید ساتھ نبھا نہ سکے اور 14 رنز بنا کر ووکس کانشانہ بنے۔

اجانکیا راہانے اپنے کپتان کا ساتھ دینے میدان میں آئے اور دونوں بلے بازوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ایک وقت میں ایسا لگ رہا تھا کہ ٹیم ایک بڑا اسکور کرنے جارہی ہے تاہم کرس براڈ نے اس تاثر کو ختم کردیا۔

راہانے 81 رنز بنا کر کرس براڈ کا نشانہ بنے تو بھارت کا اسکور 241 رنز تھا جس کے بعد 279 کے مجموعے پر عادل رشید نے ویرات کوہلی کو ایک اور سنچری بنانے سے قبل ہی آؤٹ کرکے ان کے عزائم کو نامکمل کردیا۔

ویرات کوہلی صرف 3 رنز کے فرق سے اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے، انھیں 97 رنز پر عادل رشید نے بین اسٹوکس کے ہاتھوں کیچ کرایا۔

ہرڈک پانڈیا اور ریشبھ پینٹ نے اسکور کو 307 تک پہنچایا، پانڈیا آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے جو 18 رنز بنا سکے۔

ناٹنگھم میں جب پہلے روز کا کھیل مکمل ہوا تو بھارت نے 6 وکٹوں پر 307 رنز بنالیے تھے اور ریشبھ پینٹ 22 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔

انگلینڈ کی جانب سے پہلے روز ووکس کامیاب باؤلر رہے جنھوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

یاد رہے کہ انگلینڈ نے ابتدائی دونوں میچوں میں بھارت کو شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں