اسلام آباد: سابق انڈین کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کا بھارت واپسی سے قبل کہنا تھا کہ محبت کی بنیاد رکھی ہے، اس کو آگے بڑھانا اوپر والوں کا کام ہے۔

لاہور روانگی سے قبل سابق انڈین کرکٹر نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں سے ملاقات کی اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 'پاکستان سے عزت، پیار اور امن کا پیغام لے کرجارہا ہوں'۔

نوجوت سنگھ سدھو نے پاک بھارت کرکٹ ٹمیوں کے درمیان میچ کے انعقاد سے متعلق امید کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان سپرلیگ اور انڈین پریمیئر لیگ کی فاتح ٹیموں میں مقابلے کی تجویز دی۔

مزید پڑھیں: 'میں خدا سے دعا کرتا ہوں کہ بھارت کی حکومت ایک قدم آگے آئے'

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل اور آئی پی ایل جیتنے والی ٹیموں کے درمیان میچ ہونا چاہیے۔

لاہورکے لیے روانگی سے قبل نوجوت سنگھ سدھو نے پی ٹی آئی کی جانب سے نامزد گورنر پنجاب چوہدری سرور سے ملاقات بھی کی۔

جس کے بعد وہ اسلام آباد کے نجی ہوٹل سے لاہور کے لیے روانہ ہوگئے جہاں سے وہ واہگہ سرحد کے ذریعے بھارت واپس چلے گے۔

خیال رہے کہ سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو 17 اگست کو پاکستان کے 22ویں وزیراعظم کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لیے واہگہ کے راستے آئے تھے، جہاں انہوں نے 3 روز قیام کیا، یہ دعوت ان کے دوست اور وزیراعظم پاکستان عمران خان نے دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: نوجوت سنگھ سدھو کے خلاف بھارتی میڈیا کا منفی پروپیگنڈا

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑیوں نوجوت سنگھ سدھو، کپل دیو، سنیل گواسکر کو پاکستان آمد کی دعوت دی گئی تھی۔

تاہم کپل دیو اور سنیل گواسکر نے پاکستان آنے سے معذرت کرلی تھی لیکن نوجوت سنگھ سدھو نے پاکستان آنے اور تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں