کنگنا رناوٹ کے خلاف پولیس میں شکایت درج

اپ ڈیٹ 19 اگست 2018
کنگنا رناوٹ جلد ہی منی کارنیکا میں نظر آئیں گی—فائل فوٹو: ڈی این اے انڈیا
کنگنا رناوٹ جلد ہی منی کارنیکا میں نظر آئیں گی—فائل فوٹو: ڈی این اے انڈیا

بولی وڈ کوئین کنگنا رناٹ جو جلد ہی آنے والی تاریخی فلم ‘منی کارنیکا: دی کوئین آف جھانسی’ میں ایکشن دکھاتی نظر آئیں گی ان پر دلالی کے پیسے ہڑپ کرنے کا الزام عائد کردیا گیا۔

نہ صرف اداکارہ پر دلالی کے پیسے کھانے کا الزام عائد کیا گیا ہے بلکہ ان کے خلاف ممبئی کے پولیس تھانے میں شکایت بھی درج کروادی گئی۔

اطلاعات ہیں کہ اداکارہ نے ایک سال قبل ممبئی کے پوش علاقے میں خریدے گئے شاندار گھر کا سودہ طے کرانے والے بروکر کے پیسے ہڑپ کرلیے۔

ڈی این اے انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اداکارہ کے خلاف ممبئی کے ریئل اسٹیٹ بروکر پرکاش روہڑا نے کھر پولیس تھانے میں شکایت درج کروائی ہے کہ کنگنا رناوٹ ان کے پیسے ہڑپ کر گئیں۔

ماضی میں اداکارہ مالی مسائل کا شکار بھی رہی ہیں—فائل فوٹو: انڈین میڈیا
ماضی میں اداکارہ مالی مسائل کا شکار بھی رہی ہیں—فائل فوٹو: انڈین میڈیا

جائداد کی خرید و فروخت میں دلالی کا کام کرنے والے شخص کی جانب سے درج کروائی گئی تحریری شکایت میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اداکارہ نے انہیں طے شدہ مکمل رقم نہیں دی۔

یہ بھی پڑھیں: متنازع بیانات کے کنگنا رناوٹ کی کمائی پر منفی اثرات

دوسری جانب اداکارہ نے خود پر دلالی کے پیسے ہڑپ کرنے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے دلال کو ان کا مکمل حصہ یعنی سودے کی ایک فیصد رقم جو بھارتی 20 لاکھ روپے بنتے ہیں ادا کردی تھی۔

اداکارہ کے مطابق ان کے اور دلال کے درمیان ایک فیصد دلالی کی بات ہوئی تھی، تاہم اب بروکر مزید ایک فیصد رقم کا مطالبہ کر رہا ہے جو غیر قانونی ہے۔

اداکارہ نے نشریاتی ادارے کو بتایا کہ ان کے پاس گھر خریدنے کے دستاویزات موجود ہیں اور ان کی مالی مسائل دیکھنے والی ٹیم نے خریداری کی مکمل رقم بینک کے ذریعے ادا کی تھی، جس کے دستاویزات اور ریکارڈ ان کے پاس موجود ہے۔

ساتھ ہی اداکارہ کی بہن رنگولی رناوٹ کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف دلالی کے پیسے ہڑپ کرنے کی شکایت ان کے ساتھ ناانصافی ہے اور انہوں نے بھی پولیس میں بروکر کے خلاف درخواست دائر کردی ہے۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں اداکارہ کی جانب سے کوئی بھی درخواست موصول نہیں ہوئی، البتہ ان کے خلاف پیسے ہڑپ کرنے کی شکایت درج کردی گئی ہے۔

اداکارہ نے ایک سال قبل مہنگا گھر خریدا تھا—فائل فوٹو: انڈیا ٹی وی
اداکارہ نے ایک سال قبل مہنگا گھر خریدا تھا—فائل فوٹو: انڈیا ٹی وی

کنگنا رناوٹ کے خلاف درج کی شکایت میں ان کے ساتھ ان کی بہن اور مالی معاملات دیکھنے والی ٹیم کے ارکان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: ہریتھک روشن نے کنگنا رناوٹ پر مقدمہ دائر کردیا

اگرچہ پولیس نے بروکر کی درخواست پر شکایت درج کرلی ہے، تاہم تاحال اس حوالے سے کوئی بھی گرفتاری عمل میں نہیں آئی اور نہ ہی پولیس نے اداکارہ کو کوئی سمن جاری کیا ہے۔

خیال رہے کہ کنگنا رناوٹ نے 2017 میں ممبئی کے پوش علاقے پالی ہل میں 3 ہزار فٹ سے زائد رقبے پر بنا عالیشان بنگلہ خریدا تھا۔

کنگنا رناوٹ کی جانب سے خریدے گئے عالیشان بنگلے کی اس وقت رقم 2 کروڑ 7 لاکھ سے زائد تھی۔

رپورٹس کے مطابق کنگنا رناوٹ نے فوری طور پر ایک کروڑ سے زائد رقم ادا کی تھی، جب کہ باقی دیگر رقم قسطوں میں ادا کی گئی تھی۔

اداکارہ کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے بروکر کو دلالی کی مد میں 20 سے 22 لاکھ روپے ادا کیے تھے، تاہم اب وہ اضافی رقم یعنی مزید اتنے ہی پیسوں کا مطالبہ کر رہا ہے۔

اداکارہ نے حال ہی میں سیاست میں انٹری دینے کا اشارہ بھی کیا تھا—فائل فوٹو: انڈین ایکسپریس
اداکارہ نے حال ہی میں سیاست میں انٹری دینے کا اشارہ بھی کیا تھا—فائل فوٹو: انڈین ایکسپریس

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ کنگنا رناوٹ کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی گئی ہو، اس سے قبل بھی ان کے خلاف شکایات اور مقدمے درج کروائے جاچکے ہیں۔

کنگنا رناوٹ کے خلاف مشہور اداکار ہریتھیک روشن نے بھی مقدمہ درج کروا رکھا ہے، ساتھ ہی اداکارہ نے بھی ان کے خلاف پولیس میں درخواست دے رکھی ہے۔

دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف ذاتی زندگی کو نقصان پہنچانے اور بلیک میلنگ کے الزامات لگا رکھے ہیں۔

دونوں کے درمیان ماضی میں محبت کی چہ مگوئیاں بھی ہوتی رہیں۔

اداکارہ نے ماضی میں کہا تھا کہ ہریتھیک روشن نے ان سے شادی کرنے کا وعدہ تک کیا تھا، تاہم بعد ازاں وہ تمام وعدوں سے مکر گئے۔

نگنا رناوٹ اور ہریتھک روشن نے ’کائیٹ‘ اور ’کرش تھری‘ میں ایک ساتھ کام بھی کیا۔

ایک ساتھ فلموں میں کام کرنے کے دوران ہی ان کے درمیان محبت ہوئی—اسکرین شاٹ
ایک ساتھ فلموں میں کام کرنے کے دوران ہی ان کے درمیان محبت ہوئی—اسکرین شاٹ

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں