مکہ مکرمہ: سعودی عرب میں نماز فجر کے بعد خانہ کعبہ کا غلاف تبدیل کرنے کی پرنور اور پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

9 ذی الحج کو ہر سال غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب عازمین کے عرفات پہنچنے پر منعقد کی جاتی ہے، غلاف کعبہ کو کسوہ بھی کہتے ہیں اور اس کی تیاری میں 670 کلو گرام خالص ریشم کا استعمال کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’لبیک اللٰھم لبیک‘ کی صداؤں سے مناسک حج کا آغاز

20 لاکھ ریال مالیت کا غلاف کعبہ کا رقبہ 658 مربع میٹر ہے جسے 47حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر حصہ 14 میٹر اور 95 سینٹی میٹرپرمشتمل ہے۔

نئے غلاف کعبہ کی تیاری میں روایتی طور پر اس سال بھی 150 کلوگرام خالص سونا اور 100 کلو چاندی استعمال کی گئی۔

غلاف کعبہ پر بیت اللہ کی حرمت کے ساتھ ساتھ حج کی فرضیت اور فضیلت کے بارے میں قرآنی آیات کشیدہ ہیں۔

زمین سے 3 میٹر کی بلندی پر نصب کعبہ کے دروازے کی لمبائی 6 میٹر اور چوڑائی 3میڑ ہے۔ کعبہ کا غلاف چار دیواروں کے علاوہ دروازے پر بھی آویزاں کیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب کا حجاج کرام کو شناختی بریسلٹ کا اجراء

غلاف کعبہ کو تبدیل کرنے کاعمل 6 گھنٹوں میں مکمل ہوتا ہے۔

تاریخی طور پر کعبۃ اللہ پر سب سے پہلا غلاف اس کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد حضرت اسمٰعیل علیہ السلام نے چڑھایا تھا۔

ہر سال اتارے جانے والے غلاف کے ٹکڑے بیرونی ممالک سے آئے ہوئے سربراہان مملکت اور دیگر معززین کو پیش کیے جاتے ہیں۔

اس سے قبل خانہ کعبہ کو غسل دینے کی تقریب بدھ 8 ذوالحجہ کو منعقد ہوئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں