اسلام آباد: سینیٹ کے چیئرمین محمد صادق سنجرانی نے گوادر اور چینی بندرگاہ کے شہر ڈالیان کو سِسٹر سٹیز بنانے کی تجویز پیش کردی۔

واضح رہے کہ سسٹر سٹیز کا مقصد ایک شہر کو پڑوسی شہر کے ساتھ معاشرتی، معاشی اور اقتصادی سمیت دیگر سطح پرروابط کو مضبوط اور مربوط کرنا ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گوادر پورٹ سے حاصل ہونے والی آمدنی کا 91 فیصد حصہ چین لے گا

سینیٹ چیئرمین نے کہا کہ ’دونوں شہروں کی طرز معاشرت میں بہت مماثلت اور پاک چین دوستی کا کا تقاضہ ہے‘۔

خیال رہے کہ صادق سنجرانی کی سربراہی میں پارلیمانی وفد چین کے شہر ڈالیان کے دورے پر ہے جہاں انہوں نے گوادر اور چینی بندرہ گاہ کے شہر ڈالیان کو سسٹر سٹیز بنانے کی تجویز دی، انہوں نے بیجنگ کا بھی دورہ کیا اور نیشنل پیپلز کانگریس کے چیئرمین سمیت وزیرخارجہ سے بھی ملاقات کی۔

سینیٹ سیکریٹریٹ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق محمد صادق سنجرانی نے ایک اجلاس کے دوران کہا کہ چین میں عوامی فلاح وبہبود اور اقتصادی شعبوں میں غیر ععمولی ترقی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گوادر میں سی پیک کے تحت ایمرجنسی ہسپتال کا افتتاح

ان کا کہنا تھا کہ دونوں پاکستان اور چین وفاقی سطح پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون میں فعال ہیں تاہم صوبوں اور شہروں کے درمیان بھی رابطے بڑھانے کی ضرورت ہے اور ڈالیان شمالی ایشیاء کے لیے لوجسٹک سینیٹر، جہازرانی اور معاشی طور پر تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔

اس حوالےسے صادق سنجرانی نے واضح کیا کہ گوادرپاکستان کا مستقبل ہے جو اقتصادی سرگرمیوں کے حوالے سے پورے خطے میں تبدیلی کا باعث بنےگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈالیان اور گوادر کے مابین تعاون بڑھانے کی بھرپور گنجائش ہے اور گوادر ڈالیان کے تجربے سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

سینیٹ چیئرمین کا کہنا تھا کہ ’ڈالیان صنعت سازی اور اسپیشل اقتصادی زون کے حوالے سے وسیع تجربہ رکھتا ہے اور پاکستان بھی اقتصادی زون کی تشکیل کے لیے فائدہ اٹھا سکتا ہے اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) میں ہائی ٹیک انڈسٹری کے ذریعے منصوبے کو ترقی کے اگلے درجے پر لے جائےگا۔

یہ بھی پڑھیں: گوادر پورٹ پر مزید دو کرینوں کا اضافہ

انہوں نے کہاکہ گوادر سی پیک منصوبے کا گیٹ وے ہے اور اسی سبب گوادر بندرگاہ میں بہت تیزی سے تعمیرات کا کام ہو رہا ہے جو بلوچستان کے عوام کی طرز زندگی بدل دے گا۔


یہ خبر 20 اگست 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں