اسلام آباد: پاکستان کے نئے وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کابینہ میں شامل تمام اراکین اپنے پہلے سے ظاہر شدہ اثاثوں کو دوبارہ ظاہر کریں گے تاکہ شفافیت کا عمل عوام کے سامنے آئے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس بریفنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کفایت شعاری کے اقدامات کے نتیجے میں حکومتی ملازمین کو کسی دوسری جگہ نوکری دی جائے گی تاکہ ان افراد کی معاشی زندگی خراب نہ ہوسکے۔

وزیرِاطلاعات کا کہنا تھا کہ وفاقی وزرا کے اخراجات کم کیے جائیں گے اور ان کے بیرونی دوروں کو بھی کم کیا جائے گا، جبکہ کوئی وزیر سرکاری خرچ پر علاج کے لیے بھی بیرون ملک نہیں جاسکے گا۔

فواد چوہدری نے واضح کیا کہ وزیرِخارجہ شاہ محمود قریشی بھی نجی دورے سرکاری خرچے پر نہیں کریں گے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی خارجہ پالیسی اب دفتر خارجہ میں بنے گی، شاہ محمود قریشی

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے وفاقی وزرا کے بیرونِ ملک دوروں کو محدودکردیا ہے جبکہ وزیراعظم خود بھی آئندہ 3 مہینے تک غیر ملکی دوروں کا ارادہ نہیں رکھتے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ جو انتخابی حلقے خالی کیے ہیں، ان پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف حصہ لے گی اور مخالفین سے بھرپور مقابلہ بھی کرے گی۔

وزیرِاطلاعات نے بتایا کہ پرویزمشرف کے معاملے پر وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کوئی بات نہیں ہوئی۔

اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کرپشن کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور احتساب کا عمل خود سے شروع کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی 16 رکنی کابینہ نے حلف اٹھالیا

صدارتی انتخاب کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت صدارتی انتخاب جیتنے کے لیے پرامید ہیں، اور نامزد امیدوار عارف علوی کو آرام سے کامیاب کروائیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے واضح کیا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے دوران سیاسی تقرریاں نہیں کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) کے نام ایگزٹ کنڑول لسٹ میں شامل کیے جائیں گے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حسین نواز، حسن نواز اور اسحٰق ڈار ملک کے مفرور ملزم ہیں، تاہم انہیں واپس لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ یہ افراد پاکستان میں احتساب کا سامنا کر سکیں۔

مزید دیکھیں: عمران خان کا قوم سے پہلا خطاب

انہوں نے کہا کہ ایون فیلڈ ریفرنس کی جائیداد پاکستان کی ملکیت ہے جس کی قرقی کے حوالے سے برطانیہ کی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔

وزیرِاعظم عمران خان کی جانب سے وزیرِ اعظم کی گاڑیوں کی نیلامی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ گاڑیاں ضرور فروخت کی جائیں گی اور ان سے حاصل ہونے والی رقوم کو قومی خزانے میں شامل کیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے وزیرِاعظم کے خرچے سے متعلق چیکس کی جو بات کی ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ جھوٹ بول رہے ہیں، کیونکہ ان کے ٹیکس گوشواروں سے واضح ہے کہ وہ یہ خرچہ برداشت کرنے کے اہل ہی نہیں ہیں۔

چیف جسٹس سے ملاقات کے حوالے سے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میں سپریم کورٹ کا وکیل ہوں اور چیف جسٹس میاں ثاقب نثار میرے استاد ہیں، اور اسی رشتے سے ان سے ملنے گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان نے پہلا دن کیسے گزارا؟

جہانگیر ترین کے پروٹوکول کے حوالے سے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما نے کبھی بھی سرکاری پروٹوکول نہیں لیا ان کے پاس ان کا اپنا پروٹوکول ہے، اگر ایسا ہوا تو میں اسے چیک کروں گا۔

بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو تنہا نہ چھوڑا جائے۔

انہوں نے بیرونِ ملک جیلوں میں قید پاکستانیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی بھی سفارتی اہلکار بیرونِ ملک پاکستانیوں کی مدد کرنے میں ناکام ہوگیا تو اسے اگلے ہی روز واپس پاکستان بلالیا جائے گا۔

پاکستان کی خارجہ پالیسی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی خارجہ پالیسی ریاست سے ریاست کے درمیان ہوگی، جبکہ ماضی میں نواز شریف کی خارجہ پالیسی شخصیت کے درمیان تھی۔

مزید پڑھیں: صدر منتخب ہونے پر میرا مسکن ایوان صدر نہیں ہوگا، عارف علوی

بھارت سے دوستی کے حوالے سے وزیرِاطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیرِاعظم عمران خان پہلے ہی یہ کہہ چکے ہیں کہ بھارت دوستی کی جانب ایک قدم بڑھائے، پاکستان اس کے لیے 2 قدم بڑھائے گا۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پڑوسیوں سمیت تمام ممالک سے خواشگوار تعلقات کی خواہاں ہے۔

وفاقی وزیرِاطلاعات کی پریس بریفنگ کے دوران اس وقت بد نظمی دیکھنے میں آئی جب فواد چوہدری نے ایک صحافی کے سوال کا جواب دینے کے بجائے اسے نظرانداز کردیا۔

صحافی نے پریس بریفنگ کے دوران شدید ردِ عمل دیتے ہوئے شور شرابہ کیا تاہم اسے پھر بھی نظر انداز کردیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں