اسلام آباد: ایفی ڈرین کیس میں اڈیالہ جیل میں عمر قید کے مجرم حنیف عباسی کی طبیعت بگڑ گئی جس کے بعد انہیں راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کردیا۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ سابق رکن قومی اسمبلی کو دل کی تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا

واضح رہے کہ راولپنڈی کی انسداد منشیات عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کو ایفی ڈرین کیس میں عمر قید کی سزا جبکہ دیگر 7 ملزمان کو عدم ثبوت کی بنا پر شک کا فائدہ دے کر بری کردیا تھا۔

حنیف عباسی کو انتخابی سیاست کے لیے تاحیات نااہل بھی قرار دیا گیا تھا۔

جیل ذرائع کے مطابق جیل اسپتال میں حنیف عباسی کا علاج ممکن نہیں تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی مسلم لیگ (ن) کے رہنما کو تکلیف ہونے پر جیل اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

اس ضمن میں بتایا گیا کہ حنیف عباسی کا امراض قلب ہسپتال میں چیک اپ مکمل کرلیا گیا ہے، ہسپتال کے سربراہ اظہر کیانی نے بتایا کہ حنیف عباسی کی انجیو گرافی کل (منگل کو) ہوگی، جس کے بعد اسسٹنٹ ڈالا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ حنیف عباسی کو مکمل صحت یاب ہونے کے بعد جیل منتقل کیا جائے گا۔

ایفی ڈرین کوٹہ کیس

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی سمیت دیگر ملزمان پر جولائی 2012 میں 5 سو کلو گرام ایفی ڈرین حاصل کرنے کا کیس دائر کیا گیا تھا۔

مذکورہ مقدمے میں حنیف عباسی کے علاوہ غضنفر، احمد بلال، عبدالباسط، ناصر خان، سراج عباسی، نزاکت اور محسن خورشید نامی شخصیات شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: ایفی ڈرین کیس: ہائیکورٹ کے فیصلے کےخلاف حنیف عباسی کی درخواست مسترد

ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں دورانِ سماعت 5 ججز تبدیل ہوئے جبکہ 36 گواہان نے اپنی شہادتیں قلمبند کرائیں۔

ملزمان پر الزام تھا کہ انہوں نے ایفی ڈرین کا غلط استعمال کرتے ہوئے منشیاات اسمگلروں کو فروخت کیں۔

ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے حنیف عباسی سمیت دیگر ملزمان پر نائن سی ایکٹ کے تحت مقدمہ نمبر 41 درج کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں