‘پاکستان فلم انڈسٹری خواتین پر فلمیں بنانے کیلئے تیار نہیں‘

اپ ڈیٹ 20 اگست 2018
لوڈ ویڈنگ میں مہوش حیات ایک دیہاتی لڑکی کا کردار نبھاتی نظر آئیں گی—فائل فوٹو: فیس بک
لوڈ ویڈنگ میں مہوش حیات ایک دیہاتی لڑکی کا کردار نبھاتی نظر آئیں گی—فائل فوٹو: فیس بک

آںے والی پاکستانی رومانٹک کامیڈی فلم ‘لوڈ ویڈنگ’ کی تشہیر میں مصروف اداکارہ مہوش حیات نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستانی فلم انڈسٹری اس وقت خواتین کے مرکزی کرداروں پر مبنی فلمیں بنانے کے لیے تیار نہیں۔

پنجاب نہیں جاؤں گی، نامعلوم افراد اور ایکٹر ان لا سمیت دیگر فلموں میں جلوے دکھانے والی مہوش حیات سے متعلق اطلاعات ہیں کہ وہ ملک کی سابق خاتون وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں کام کریں گی۔

تاہم وہ اس بات کو تسلیم کرتی ہیں کہ اس وقت پاکستان کی فلم انڈسٹری ایسی فلمیں بنانے کے لیے اتنی پرجوش نہیں، جو صرف خواتین کی کہانی اور کاسٹ پر مبنی ہوں۔

ڈان امیجز سے اپنی آنے والی فلم ‘لوڈ ویڈنگ’ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مہوش حیات نے بتایا کہ وہ اس میں ایک دیہاتی لڑکی کا کردار ادا کریں گی۔

انہوں نے لوڈ ویڈنگ میں اپنے کردار کو اب تک کا مشکل ترین کردار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کراچی جیسے شہر میں پلی بڑھی، اس لیے خالصتا پنجاب کی دیہی خاتون کا کردار نبھانا ان کے لیے مشکل ثابت ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات کی 'لوڈ ویڈنگ'

مہوش حیات کے مطابق اگرچہ انہوں نے مشکل کردار نبھایا، تاہم فلم کی ٹیم اور ساتھی اداکار فہد مصطفیٰ کے ساتھ اور تعاون سے انہوں نے بہترین طریقے سے اسے نبھایا۔

جب اداکارہ سے پوچھا گیا کہ پاکستانی فلم انڈسٹری میں خواتین کے موضوعات، زندگی اور مرکزی کاسٹ پر فلمیں کیوں نہیں بنائی جاتیں تو انہوں نے اعتراف کیا کہ ابھی ہماری فلم انڈسٹری ایسی فلموں پر سرمایہ کاری کرنے کے لیے تیار نہیں۔

مہوش حیات کا کہنا تھا کہ پاکستانی فلم انڈسٹری کا ایک اپنا مزاج ہے، جس وجہ سے یہاں تفریح سے بھرپور مصالحہ فلمیں ہی بنائی جا رہی ہیں اور انہیں نہیں لگتا کہ یہاں اتنی جلدی خواتین کی کاسٹ اور ان کی مرکزی کہانیوں پر بنی فلمیں بنائی جائیں گی۔

اداکارہ نے یہ انکشاف بھی کہ سابق خاتون وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کو بھی پاکستان سے باہر بیٹھے افراد سپورٹ کریں گے۔

ان کے مطابق پاکستان کی فلم انڈسٹری کو معروف خواتین کی زندگیوں پر فلمیں بنانے سمیت خواتین کے موضوعات پر فلمیں بنانے میں ابھی کچھ وقت لگے گا۔

مزید پڑھیں: مہوش حیات ’بینظیر بھٹو‘ بنیں گی

انہوں نے عیدالاضحیٰ پر بیک وقت تین بڑی فلموں ‘لوڈ ویڈنگ، جوانی پھر نہیں آنی 2 اور پرواز ہے جنون’ کی ریلیز پر کوئی حیرانگی دکھائے بغیر کہا کہ تینوں فلموں کی کہانی مختلف ہے، اس لیے اس عید پر مداحوں کو مختلف کہاںیاں دیکھنے کو ملیں گی۔

مہوش حیات کے مطابق تینوں فلموں کی کہانی مختلف ہونے کی وجہ سے ہر مداح اپنی پسند کی کہانی اور فلم دیکھے گا اور تینوں کا آپس میں موازنہ کرنا درست نہیں۔

۔

تبصرے (0) بند ہیں