2 سال بعد رومن رینز کا خواب پورا

اپ ڈیٹ 20 اگست 2018
— فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
— فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

ڈبلیو ڈبلیو ای کے مقبول ترین ریسلرز میں سے ایک رومن رینز نے آخر کار 2 سال بعد چیمپئن بننے کا خواب دوبارہ پورا کرلیا۔

رومن رینز ریسل مینیا 33 میں ڈبلیو ڈبلیو ای ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن بنے تھے اور جون میں سیٹھ رولنز کے ہاتھوں شکست کے بعد اس سے محروم ہوگئے تھے۔

اس کے بعد سے وہ ورلڈ چیمپئن شپ سے محروم تھے اور رواں سال اس مقصد کے لیے وہ بروک لیسنر کے ہاتھوں ریسل مینیا 34 اور سعودی عرب میں ہونے والے ایون گریٹسٹ رائل رمبل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید پڑھیں : ریسل مینیا 34 : دلچسپ مقابلوں اور غیرمتوقع نتائج سے بھرپور ایونٹ

مگر گزشتہ شب ڈبلیو ڈبلیو ای کے ایونٹ سمر سلیم میں رومن رینز نے بروک لیسنر کو شکست دے کر ڈبلیو ڈبلیو ای یونیورسل ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

ڈبلیو ڈبلیو ای رومن رینز کی کامیابی کے لیے ڈیڑھ سال سے میدان بنانے میں مصروف تھی جس کا مقصد ریسلر کو جان سینا کی جگہ کمپنی کا نیا چہرہ بنانا ہے۔

اس میچ کے آغاز پر منی ان دی بینک جیتنے والے براﺅن اسٹرومین بھی رنگ کے پاس موجود تھے اور انہوں نے اعلان کیا تھا کہ جو بھی میچ میں کامیابی حاصل کرے گا، وہ اس کے خلاف اپنا کنٹریکٹ کیش کروائیں گے۔

تاہم میچ کے دوران ہی بروک لیسنر نے براﺅن اسٹرومین کو اپنے مخصوص داﺅ ایف 5 کا نشانہ بنانے کے بعد بریف کیس اٹھا کر دور پھینک دیا۔

مگر جیسے ہی وہ رنگ میں واپس آئے رومن رینز کے داﺅ اسپیئر کا شکار ہوگئے اور ریسل مینیا 33 کے بعد ڈبلیو ڈبلیو ای کو ڈیڑھ سال بعد آخرکار فل ٹائم چیمپئن مل گیا۔

فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

میچ جیتنے کے بعد رومن رینز نے ایک انٹرویو کے دوان کہا کہ براﺅن اسٹرومین کی موجودگی سے میچ میں ایک نئے عنصر کا اضافہ ہوا۔

نئے چیمپئن کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی حریف کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں اور اگر وہ کامیاب نہیں ہوتے تو وہ نئی ملازمت تلاش کرتے۔

دوسری جانب سابق ایم ایم اے فائٹر اور یو ایف سی چیمپیئن رونڈا راﺅسی نے بھی ڈبلیو ڈبلیو ای میں پہلی چیمپئن شپ جیت لی۔

یہ بھی پڑھیں : رومن رینز کی شخصیت کے 9 دلچسپ حقائق

رونڈا نے را ویمن چیمپئن الیکسا بلیس کو سب میشن (کسی داﺅ میں پھنسا کر ہار ماننے پر مجبور کرنا) کے ذریعے شکست دے کر چیمپئن شپ اپنے نام کی۔

اس سے قبل سیٹھ رولنز نے انٹرکانٹی نینٹل چیمپئن شپ کے سنسنی خیز میچ میں دفاعی چیمپئن ڈولف زیگلر کو شکست دی جبکہ اے جے اسٹائلز نے سموا جو کے خلاف ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ کا کامیاب دفاع کیا، تاہم اختتام کچھ ایسا تھا کہ دونوں کے درمیان ایک اور مقابلے کی راہ ہموار ہوگئی۔

#AndNew #ICTitle Champion ... @WWERollins! #SummerSlam @wwenetwork

A post shared by WWE (@wwe) on

شنسکے ناکامورا نے جیف ہارڈی کو شکست دے کر یو ایس چیمپئن شپ کا دفاع کیا جبکہ اسمیک ڈاﺅن ویمن چیمپئن شپ میچ میں شارلیٹ فلیئر بیکی لینج اور کارمیلا کو شکست دے کر ایک بار پھر چیمپئن بن گئیں۔

طویل عرصے بعد ریسلر فن بیلور اپنے مخصوص روپ ڈیمون کے روپ میں نظر آئے اور بیرن کوربن کو شکست دی۔

#TheDemon has returned to Brooklyn. @finnbalor #SummerSlam

A post shared by WWE (@wwe) on

دی میز نے ڈینیئل برائن کو شکست دی جبکہ براﺅن اسٹرومین نے کیون اوئنز کو شکست دے کر منی ان دی بینک بریف کیس کی ملکیت کو اپنے پاس برقرار رکھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں