چینی وزیر اعظم لی کی چیانگ نے وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلی فون کرکے گزشتہ ماہ ہونے والے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے پر مبارک باد دی۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق چینی وزیر اعظم نے امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک میں ’ہر موسم‘ کی دوستی، نئی حکومت کے دوران مزید مضبوط ہوگی۔

چینی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتی ہے اور امید کرتی ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری پر کام وقت پر مکمل ہوگا۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کو ستاروں کی مبارکباد

انہوں نے عمران خان کو چین کے دورے کی دعوت بھی دی۔

وزیر اعظم عمران خان نے اپنے چینی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ کرپشن و غربت کے خاتمے میں چینی تجربات سے مستفید ہونا چاہتے ہیں اور صحت اور تعلیم جیسے سماجی شعبہ جات ان کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے چین کے ساتھ مل کر تمام علاقائی و بین الاقوامی امور پر باہمی اتفاق سے کام کرنے پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: 'وزیرِ اعظم' عمران خان کے لیے کون سے چیلنجز منتظر ہیں؟

عمران خان نے لی کی چیانگ کی دعوت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ مستقبل میں چین کا دورہ کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

عمران خان نے بھی چینی وزیر اعظم کو پاکستان آنے کی دعوت دی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں