اسلام آباد: گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کے انعقاد کے معاملے پر ہالینڈ کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اسلامی شعائر کی تضحیک پر پاکستان نے ہالینڈ کی حکومت سے شدید تشویش کا اظہار کیا اور ہالینڈ کے ناظم الامور کو وفاقی کابینہ کے احتجاج اور فیصلے سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے ہالینڈ میں تعینات پاکستانی سفیر کو حکومت اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سفرا کے ساتھ معاملہ اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ سابق وزیر خارجہ نے سیکریٹری جنرل او آئی سی کو اس حوالے سے خط بھی لکھا تھا اور معاملے پر ان کی رائے طلب کی تھی، جنہوں نے جواب میں او آئی سی کی طرف سے ہالینڈ کے وزیر خارجہ کو خط لکھ کر معاملے پر احتجاج کیا تھا۔

معاملے کو رواں سال ستمبر میں اقوام متحدہ سربراہ اجلاس کی سائیڈ لائن میں شیڈول او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں بھی زیر بحث لایا جائے گا، جہاں نومنتخب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پاکستانی وفد کی نمائندگی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: تمام گستاخانہ ویب سائٹس کے خلاف کارروائی کی جائے، چیئرمین سینیٹ

دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت اس معاملے کو ہالینڈ کی حکومت کے ساتھ ہر بین الاقوامی فورم پر اٹھائے گی۔

یاد رہے کہ رواں سال جون میں ہالینڈ کے متنازع سیاستدان گیرٹ ولڈرز نے پارلیمنٹ میں گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ کروانے کا قبیح اعلان کیا تھا۔

گیرٹ ولڈرز وہی شخص ہے جس نے پارلیمنٹ میں قرآن مجید کی ترسیل روکنے کا بل پیش کیا تھا، اس کے علاوہ یہ ہالینڈ میں خواتین کے پردے پر پابندی کا بل بھی پیش کرچکا ہے۔

گزشتہ روز اس معاملے پر پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی تھی۔

گستاخانہ خاکوں کے خلاف حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے مشترکہ طور پر ایوان میں لائی جانے والی قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ہالینڈ سے احتجاجاً اپنے سفارتی تعلقات منقطع کردے۔

تبصرے (0) بند ہیں