سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ریاستوں، افغانستان اور یورپ کے کچھ ممالک میں عید الاضحیٰ آج مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے۔

مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے، جہاں لاکھوں حاجیوں سمیت فرزندان اسلام نے نماز عید ادا کی۔

امام کعبہ نے نماز عید کے خطبے میں فلسفہ قربانی کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور مسلمانوں کو محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ پر عمل کرنے کی ہدایت کی۔

مزید پڑھیں: دنیا بھر میں عیدالاضحیٰ پر بھر پور مذہبی جوش و جذبہ

اس موقع پر روح پرور مناظر دیکھنے کو آئے اور مسلمانوں نے اللہ کے حضور خشوع و خضوع سے دعا اور استغفار کیا۔

نماز عید کی ادائیگی کے بعد مسلمان نے سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کر رہے ہیں جبکہ حجاج کرام قربانی کا فریضہ انجام دینے کے بعد سرمنڈوا کر احرام کھول لیں گے۔

سعودی عرب میں موجود لاکھوں حجاج کرام نے رات کھلے آسمان تلے مزدلفہ میں گزاری اور نماز عید سے قبل مسجد الحرام میں فجر کی نماز ادا کی۔

سعودی عرب کے علاوہ متحدہ عرب امارات کی مساجد اور عید گاہوں میں بھی نماز عید کے اجتماعات ہوئے ، جس میں ہزاروں فرزندان اسلام نے شرکت کی اور سنت ابراہیمی پر عمل کیا۔

مقبوضہ بیت المقدس فلسطین میں بھی عیدالاضحیٰ روایتی جوش و جذبے سے منائی گئی اور مسجد الاقصیٰ میں عید کا سب سے بڑا اجتماع ہوا۔

خانہ جنگی کا شکار ملک شام میں بھی مسلمانوں نے جوش و جذبے سے عیدالاضحیٰ منائی اور ایک دوسرے کو گلے لگ کر عید کی مبارک باد دی۔

اس کے علاوہ انڈونیشیا، ملائیشیا سمیت مشرق بعید کے دیگر ممالک ممالک میں بھی مسلم اکثریتی علاقوں میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے اور مسلمانوں نے سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی۔

ادھر ملک میں موجود بوہری برادری بھی آج عید الاضحیٰ جوش و جذبے سے منا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم حکمران اور ذرائع ابلاغ اخلاقیات کا درس دیں، خطبہ حج

اس سلسلے میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع کراچی کی طاہری مسجد میں ہوا، جہاں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور ایک دوسرے کو عید کی مبارک باد دی۔

دوسری جانب پاکستان کے قبائلی علاقوں مہمند ایجنسی میں بھی سعودی عرب کے ساتھ عیدالاضحیٰ منائی جارہی ہے۔

اس حوالے سے ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ قبائلی علاقوں کے عوام نے اعلان کیا تھا کہ وہ مختلف علاقوں میں منگل کو عید منائیں گے۔

اس کے علاوہ عید کی مناسبت سے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھی چھوٹے جرائم میں ملوث 23 قیدیوں کو بھی رہا کیا گیا، تاکہ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ عید منا سکیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں