کینڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو، امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو، لندن کے میئر صادق خان سمیت مختلف شخصیات نے دنیا بھر میں موجود مسلمانوں کو عیدالاضحیٰ پر مبارک باد دی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ کینیڈا سمیت دنیا بھر میں موجود تمام مسلمانوں کو عید الاضحیٰ مبارک ہو۔

انہوں نے کہا کہ عید الاضحیٰ ایثار و قربانی اور ضرورت مندوں کی مدد کا پیغام دیتی ہے اور اس تہوار میں برادریاں ایک ساتھ پکوانوں کا تبادلہ کرتی ہیں، عبادت کرتی ہیں اور زندگی میں حاصل نعمتوں کا شکریہ اداکرتی ہیں۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب سمیت خلیجی ریاستوں میں عید الاضحیٰ آج منائی جارہی ہے

جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ ہم سب کے لیے عیدالاضحیٰ ایک موقع ہے کہ ہم کینیڈا کے مسلمانوں کو جان سکیں، جو ہمارے ملک کو بہتر بناتے ہیں اور اختلافات کو بھلا کر ایک ساتھ خوشیاں مناتے ہیں۔

دوسری جانب امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو نے بھی مسلمانوں کے مذہبی تہوار پر انہیں عید کی مبارک باد پیش کی۔

ٹوئٹر پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں تمام مسلمانوں کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ وقت دنیا بھر کے مسلمان عبادت کرتے ہیں اور اپنے دوستوں اور اہل خانہ کے ساتھ خوشیاں مناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر مسلمان قربانی کرتے ہیں اور ضرورت مندوں کی مدد بھی کرتے ہیں اور رحم دلی کی یہ مثال ہم سب کے لیے مثال کا ہیں۔

مائیک پومپیو نے کہا کہ میں امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی طرف سے تمام مسلمانوں کو ایک بار پھر عید کی مبارک باد دیتا ہوں۔

ادھر لندن کے میئر پاکستانی نژاد صادق خان نے بھی مسلمانوں کو مذہبی تہوار پر مبارک بادی پیغام دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے صادق خان کا کہنا تھا کہ عید کی خوشیاں منانے والوں کو عید الاضحیٰ مبارک ہو۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں عیدالاضحیٰ پر بھر پور مذہبی جوش و جذبہ

اقوام متحدہ کی ڈپٹی جنرل سیکریٹری آمنہ جے محمد بھی ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے مسلمانوں کو عید کی خوشیوں کی مبارک باد پیش کی۔

عید کی خوشیوں میں گھانہ کے صدر بھی شریک رہے اور انہوں نے بھی گھانا سمیت دنیا بھر میں موجود مسلمانوں کو خوشیوں بھری عید کی مبارکباد دی۔

خیال رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ریاستوں، افغانستان اور یورپ کے کچھ ممالک میں عید الاضحیٰ آج مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے۔

اس کے علاوہ انڈونیشیا، ملائیشیا سمیت مشرق بعید کے دیگر ممالک ممالک میں بھی مسلم اکثریتی علاقوں میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے اور مسلمانوں نے سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی۔

تبصرے (0) بند ہیں