ایون فیلڈ کیس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم کے داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو جیل میں دل کی تکلیف کے بعد امراض قلب کے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

واضح رہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کو گزشتہ رات معدہ کے ساتھ دل میں تکلیف ہوئی تھی جس کے بعد انہیں انسٹِٹیوٹ آف ریسرچ ان امیونولوجی اینڈ کینسر (آئی آر آئی سی) لایا گیا تھا ۔

جہاں ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جنرل اظہر کیانی کیپٹن(ر) صفدر کا طبی معائنہ کریں گےتاہم کیپٹن (ر) صفدر کو اسپتال میں داخل کرنے کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔

iیہ بھی پڑھیں: اڈیالہ جیل: کیپٹن (ر) صفدر کی طبعیت بگڑ گئی،اسپتال منتقل

اس سے قبل 9 اگست کو بھی کیپٹن (ر) محمد صفدر کی طبیعت اڈیالہ جیل میں بگڑ گئی تھی جس کے باعث انہیں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

جیل ذرائع نے بتایا تھا کہ کیپٹن (ر) محمد صفدر جو بھی چیز کھا پی رہے تھے انہیں الٹی ہوجاتی تھی جبکہ انہیں معدے میں السر کا مرض لاحق ہے، جبکہ انہوں نے وزن کم کرنے کے لیے معدے کا آپریشن بھی کروا رکھا ہے۔

کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ہسپتال کے اسی کمرے میں رکھا گیا تھا جہاں نواز شریف زیر علاج تھے، اسلام آباد انتظامیہ نے کیپٹن (ر) صفدر کے زیر علاج رہنے تک وارڈ کو سب جیل قرار دے دیا تھا۔

حنیف عباسی کی اینجیو پلاسٹی مکمل

دوسری جانب اسی ہسپتال میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ہی ایک اور رہنما اور ایفی ڈرین کیس میں سزا یافتہ حنیف عباسی کو دل کی تکلیف ہونے پر اینجیو پلاسٹی کردی گئی.

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق اینجیو پلاسٹی کے بعد حنیف عباسی کو کیتھ لیب سے وی آئی پی وارڈ منتقل کردیا گیا اور وی آئی پی وارڈ کو انتظامیہ نے سب جیل قرار دے کر جیل عملہ تعینات کردیا ہے.

مزید پڑھیں: مسلم لیگ (ن) کے ایک اور رہنما اڈیالہ جیل میں بیمار

حنیف عباسی کی صحت کےحوالے سے ہسپتال ذرائع کا کہنا تھا کہ حنیف عباسی کے دل کے 2 والوو میں بلاکیج تھی جس کی بنا پر انہیں 1 اسٹنٹ بھی ڈال دیا گیا۔

تاہم ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ علاج کے بعد حنیف عباسی کی صحت بتدریج بہتری کی طرف گامزن ہے۔

یاد رہےکہ چند روز قبل 10 اگست کلو بھی حنیف عباسی کی بیعت بگڑ گئی تھی جس کے بارے میں اڈیالہ جیل کے ذرائع نے بتایا تھا کہ سابق رکن قومی اسمبلی کو پولن الرجی اٹیک ہوا ہے اور انہیں گلے میں ٹانسلز کے باعث سے سانس لینے میں شدید تکلیف محسوس ہورہی ہے۔

بعدازاں ابتدائی تشخیص کے بعد انہیں جیل میں قائم ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا جہاں ان کا طبی معائنہ کیا گیا اور ادویات تجویز کی گئیں تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 21 جولائی کو انسدادِ منشیات کی عدالت نے ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا سنائی تھی جا کے بعد سیکیورٹی اداروں نے انہیں گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کردیا تھا۔

جہاں ان کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کے ساتھ پہلے ہی ایون فیلڈ کیس میں سزا بھگت رہے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں