اسلام آباد: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے فریضہ حج ادا کرلیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے حج کا فریضہ ادا کیا اور پاکستان میں امن و خوشحالی کے حوالے سے خصوصی دعائیں کیں۔

اس موقع پر آرمی چیف نے ملک کے لیے قربانیاں دینے والے شہدا اور ان کے اہل خانہ کے لیے بھی دعا کی۔

مزید پڑھیں: پاکستانی آرمی چیف دنیا کے طاقتور ترین افراد میں سے ایک قرار

دوسری جانب آرمی چیف کی جانب سے دہشت گردی کا شکار ہونے والے افراد کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردی کا شکار افراد کے عالمی دن پر آرمی چیف نے پیغام میں کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی ناسور ہے جس کے خاتمے کے لیے مؤثر ردعمل کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان گزشتہ دو دہائیوں سے دہشت گردی کے اس ناسور کا شکار ہے لیکن پاکستانی عوام اور مسلح افواج اس کے خلاف کھڑے ہیں اور دہشت گردی کو بہادری سے شکست دے رہے ہیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم دہشت گردی کا شکار ہونے والے افراد، سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کا دورہ مشرق وسطیٰ

اپنے پیغام میں آرمی چیف نے کہا کہ جو دشمن قوتیں ہمیں تاریکی میں دھکیلنا چاہتی ہیں ہم ان تمام کا موثر طریقے سے مقابلہ کریں گے اور انہیں شکست دیں گے۔

اس موقع پر پاک فوج کے سپہ سالار نے ہر طرح کی دہشت گردی کی سخت مذمت کی اور کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے ہماری حمایت تمام فورسز کے ساتھ ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں