عیدالاضحیٰ پر یہ پاکستانی فلمیں ضرور دیکھیں

عیدالاضحیٰ پر مسلمان اللہ کی راہ میں قربانی کرتے ہیں اور ایک دوسرے کے گھر ان سے ملاقات کے لیے جاتے ہیں۔

تاہم عوام کے لیے خود کو محظوظ کرنے کے لیے سینما گھروں کا چکر لگانا بھی ضروری ہوتا جارہا ہے۔

اس عیدالاضحیٰ پر پاکستان کی 3 بڑی فلمیں سینما گھروں میں ریلیز کی گئی ہیں، جن میں ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘، ’لوڈ ویڈنگ‘ اور ’پرواز ہے جنون‘ شامل ہیں۔

ان فلموں میں پاکستان کے بڑے بڑے اداکاروں نے کام کیا ہے، فلموں کی کہانی ڈرامائی، کامیڈی اور رومانوی موضوعات پر مبنی ہے۔

جوانی پھر نہیں آنی 2

2015 کی کامیاب فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ کا سیکوئل اب عیدالضحیٰ پر ریلیز کردیا گیا۔

اس فلم میں فلم کی پرانی کاسٹ کو ہی شامل کیا گیا جبکہ حمزہ علی عباسی کی جگہ فہد مصطفیٰ اہم کردار میں نظر آئے، جبکہ فلم کی اداکاراؤں کو تبدیل کرتے ہوئے کبریٰ خان اور ماورا حسین کو کاسٹ کیا گیا۔

جوانی پھر نہیں آنی 2 میں پہلی فلم کی طرح خوب کامیڈی شامل کی گئی، اس فلم میں پنجابی اسٹائل کے گانوں کی دھنیں بھی شامل کی گئیں ہیں۔

پروڈیوسر سلمان اقبال، ہمایوں سعید، شہزاد نصیب اور جارجیز سیجا کی اس فلم کی ہدایات ندیم بیگ نے ہی دی ہیں، جنہوں نے پہلی فلم کی ہدایات دی تھیں۔

’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ کا اسکرپٹ واسع چوہدری نے لکھا ہے۔

لوڈ ویڈنگ

فلم لوڈ ویڈنگ میں فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات کو پیش کیا گیا ہے، یہ دونوں ایک دوسرے سے بےانتہا محبت کرتے ہیں اور شادی کرنا چاہتے ہیں، لیکن ان کی شادی تب تک نہیں ہوگی جب تک فہد کی بڑی بہن کی شادی نہیں ہوجائے گی۔

فلم ’لوڈ ویڈنگ‘ کی ہدایات نبیل قریشی نے دی ہے، جبکہ اس کی پروڈکشن فضا علی میرزا نے کی۔

یہ دونوں ایک ساتھ ’ایکٹر ان لا‘، ’نامعلوم افراد‘ اور ’نامعلوم افراد 2‘ جیسی کامیاب فلمیں بھی بنا چکے ہیں۔

پرواز ہے جنون

فلم ’پرواز ہے جنون‘ پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے بنائی گئی ہے جس میں حمزہ علی عباسی سمیت تمام اداکار زبردست ایکشن سینز کرتے نظر آٓئے۔

اس فلم کو فرحت اشتیاق نے تحریر کیا ہے جبکہ دیار دل، من مائل اور دیگر متعدد ہٹ ٹی وی ڈراموں کے ڈائریکٹر حسیب حسن فلم کی ہدایات دے رہے ہیں۔

فلم میں حمزہ علی عباسی کے علاوہ احد رضا میر، ہانیہ عامر، شاز خان، اور کبریٰ خان کام کرتی نظر آئیں گی۔

پاک فضائیہ کی مشترکہ پروڈکشن کے ساتھ بنائی گئی اس فلم میں شوبز کاسٹ کے ساتھ ساتھ پاک فضائیہ سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور پائلٹس کو بھی دکھایا جائے گا۔

یاد رہے کہ عیدالفطر کے موقع پر پاکستان کی 4 بڑی فلمیں ریلیز ہوئیں تھیں، جن میں ’سات دن محبت ان‘، ’وجود‘، ’نہ بینڈ نہ براتی‘ اور ’آزادی‘ شامل تھیں۔

تاہم ان میں سب سے زیادہ توجہ کا مرکز ماہرہ خان کی فلم ’سات دن محبت ان‘ بنی۔