وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقے (فاٹا) سے منتخب تین سینیٹرز نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت کرلی۔

پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق فاٹا سے سینیٹر اورنگ زیب خان، سینیٹر سجاد طوری اور سینیٹر مرزا محمد آفریدی نے نے بنی گالا میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

بیان کے مطابق میں سینیٹرز نے پی ٹی آئی کے منشور پر اعتماد کا اظہارکیا اور کہا کہ پارٹی ملک میں تبدیلی لائے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے فاٹا سے منتخب سینیٹرز کی پی ٹی آئی میں شمولیت کا خیر مقدم کیا۔

پی ٹی آئی کے بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وزیردفاع پرویز خٹک اور سینیٹر حاجی فدا بھی موجود تھے۔

خیال رہے کہ 25 جولائی کو منعقدہ انتخابات میں پی ٹی آئی کو اکثریت حاصل ہونے کے بعد آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے کئی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے حکمراں جماعت میں شمولیت کی تھی۔

پی ٹی آئی نے پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) سے کم نشستیں حاصل کرنے کے باوجود کئی آزاد اراکین کی شمولیت پر اسمبلی میں اکثریت ثابت کرتے ہوئے اپنی حکومت بنالی ہے۔

دوسری جانب صدارتی انتخاب کے پیش نظر ان اراکین کی پی ٹی آئی کی شمولیت کو ان کی کامیابی تصور کی جارہی ہے جہاں اپوزیشن نے مشترکہ امیدوار لانے کا اعلان کیا ہے۔

صدرِ مملکت ممنون حسین 8 ستمبر کو اپنی مدت مکمل کرلیں گے تاہم نئے صدر کے لیے انتخاب 4 ستمبر کو ہوگا۔

حکمراں جماعت پی ٹی آئی کی جانب سے کراچی سے منتخب رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی کو صدارتی امیدوار نامز کیا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں