اسلام آباد: سینیٹ کی پہلی خاتون اپوزیشن لیڈر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما شیری رحمٰن کو ہٹا کر مسلم لیگ (ن) کے راجہ ظفر الحق کو سینیٹ کا نیا اپوزیشن لیڈر مقرر کردیا گیا۔

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو درخواست دی گئی تھی کہ ایوان بالا میں ان کے ارکان کی تعداد زیادہ ہے اس لیے ان کی پارٹی کے سینیٹر راجہ ظفرالحق کو اپوزیشن لیڈر بنایا جائے۔

جس پر چیئرمین صادق سنجرانی نے پیپلز پارٹی سے بھی حمایتی ارکان کے دستخط کے ساتھ درخواست طلب کی تھی۔

بعد ازاں چیئرمین سینیٹ نے ایوان بالا میں پہلی خاتون اپوزیشن لیڈر شیری رحمٰن کو ہٹا کر راجہ ظفرالحق کو نیا اپوزیشن لیڈر مقرر کردیا۔

مزید پڑھیں: شیری رحمٰن سینیٹ میں پہلی خاتون اپوزیشن لیڈر منتخب

علاوہ ازیں سینیٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سینیٹر شبلی فراز ایوان بالا میں قائد ایوان ہوں گے۔

شیری رحمٰن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز کے بطور قائد ایوان اور راجہ ظفر الحق کے اپوزیشن لیڈر مقرر ہونے پر انہیں مبارکباد پیش کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اُمید کرتی ہوں کہ دونوں سینیٹرز قانون سازی، بحث، اچھی حکمرانی اور پارلیمانی امیدوار کے ذریعے جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لیے اپنا بہترین کردار ادا کریں گے۔

22 مارچ 2018 کو سینیٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمٰن سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر منتخب ہوئی تھیں۔

شیری رحمٰن کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے کے لیے 34 ارکان کی حمایت حاصل ہوئی تھی۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے نامزد اعظم خان سواتی کو متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور جماعت اسلامی کی حمایت حاصل ہونے کے باوجود صرف 19 ووٹ مل سکے تھے۔

اس سے قبل 14 مارچ کو پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے سینیٹر شیری رحمٰن کو ایوان بالا کی اپوزیشن لیڈر کے طور پر نامزد کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ سینیٹ کی تاریخ میں شیری رحمٰن سینیٹ میں بارہویں اپوزیشن لیڈر تھیں جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے اس عہدے پر فائز ہونے والی وہ ساتویں اپوزیشن لیڈر تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو زرداری نے شیری رحمٰن کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نامزد کردیا

شیری رحمٰن کے نام سے معروف شہربانو رحمٰن 21 دسمبر 1960 میں پیدا ہوئی تھیں، انہوں نے امریکا کے اسمتھ کالج سے تعلیم حاصل کی بعد ازاں انہوں نے یونیورسٹی آف سسیکس سے پولیٹیکل سائنسز اور آرٹ ہسٹری میں گریجویشن کیا۔

شیری رحمٰن متعدد مرتبہ رکن قومی اسمبلی رہنے کے علاوہ وفاق میں صحت، وومن ڈیویلپمنٹ اینڈ انفارمیشن کے علاوہ مختلف عہدوں پر بھی فائز رہیں۔

علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں انہوں نے امریکا میں پاکستانی سفیر کے طور پر بھی خدمات سر انجام دیں۔

تبصرے (0) بند ہیں