جیکی چن اور امیتابھ بچن کی ‘آنکھیں’

دونوں اداکار پہلی بار کسی بولی وڈ فلم میں ایک ساتھ نظر آئیں گے—اسکرین شاٹ
دونوں اداکار پہلی بار کسی بولی وڈ فلم میں ایک ساتھ نظر آئیں گے—اسکرین شاٹ

ہانگ کانگ کے مارشل آرٹ اداکار جیکی چن کے مداحوں کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ وہ جلد ہی بولی وڈ بگ بی امیتابھ بچن کے ساتھ پہلی بار فلم میں کام کرتے نظر آئیں گے۔

جی ہاں، اطلاعات ہیں کہ 75 سالہ امیتابھ بچن اور 64 سالہ جیکی چن پہلی بار ایک بولی وڈ فلم میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔

یہ پہلا موقع ہوگا کہ جیکی چن کسی بھی بھارتی فلم میں جلوہ گر ہوں گے۔

اس سے قبل اگرچہ کچھ بھارتی اداکار اور اداکارائیں جیکی چن کے ساتھ چین، ہانگ کانگ اور بھارت-ہانگ کانگ کے مشترکہ منصوبوں کے تحت چند فلموں میں جلوہ گر ہوچکی ہیں، تاہم پہلی بار مارشل آرٹ کے ماہر ہیرو مکمل طور پر بولی وڈ فلم میں کام کرتے نظر آئیں گے۔

بھارتی نشریاتی ادارے ‘ممبئی مرر’ کے مطابق اطلاعات ہیں کہ 2002 میں ریلیز کی گئی تھرلر فلم ‘آنکھیں’ کے سیکوئل میں امیتابھ بچن کے ساتھ جیکی چن کو کاسٹ کیا جائے گا۔

اگرچہ جیکی چن کو کاسٹ کیے جانے کی تصدیق نہیں کی گئی، تاہم نشریاتی ادارے نے ذرائع سے بتایا کہ ہانگ کانگ کے عالمی اداکار کو فلم میں کاسٹ کیے جانے کا امکان ہے۔

خبریں ہیں کہ جیکی چن ‘آنکھیں 2‘ میں چینی کسینو یا ہوٹل کے مالک کا کردار ادا کریں گے۔

علاوہ ازیں اطلاعات ہیں کہ ‘آنکھیں’ کے سیکوئل میں امیتابھ بچن کے ساتھ نوجوان اداکار سشانت سنگھ راجپوت اور وکی کوشل کو بھی کاسٹ کیے جانے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ارشد وارثی فلم ’آنکھیں‘ کے سیکوئل میں کاسٹ

خیال رہے کہ 2 روز قبل ہی ‘ایروز ناؤ’ نے اعلان کیا تھا کہ 16 سال بعد ‘آنکھیں’ کا سیکوئل بنایا جائے گا۔

پروڈکشن ہاؤس نے فلم کا سیکوئل بنانے کا اعلان کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ فلم میں امیتابھ بچن کے ساتھ مزید کئی بڑے اداکاروں کو کاسٹ کیا جائے گا۔

‘آنکھیں’ 16 سال قبل ریلیز کی گئی تھی اور فلم نے نہ صرف باکس آفس پر اچھی کمائی کی تھی، بلکہ اسے تنقید نگاروں نے بھی سراہا تھا۔

مزید پڑھیں: جیکی چن نے کیا سب کو حیران

پہلی فلم میں امیتابھ بچن کے ساتھ اکشے کمار، ارجن رام پال، پریش راول اور سشمیتا سین سمیت دیگر اداکار ایکشن میں نظر آئے تھے۔

پہلی فلم کی ہدایات وپل امرت لال شاہ نے دی تھیں اور اسے گورنگ دوشی نے پروڈیوس کیا تھا۔

سیکوئل فلم کی ہدایات انیس بزمی دیں گے، جب کہ اسے ایروس ناؤ اور ترن اگروال پروڈیوس کریں گے۔

فلم کی شوٹنگ کا آغاز آئندہ برس سے ہوگا اور امکان ہے کہ اسے 2019 کے آخر تک ریلیز کردیا جائے گا۔

سیکوئل کے حوالے سے پہلے یہ اطلاعات تھیں کہ اس میں امیتابھ بچن کے ساتھ ارشد وارثی، انیل کپور اور الیانہ ڈی کروز کو کاسٹ کیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں