جوانی پھر نہیں آنی نے لوڈ ویڈنگ اور پرواز ہے جنون کو پیچھے چھوڑ دیا

ای میل

تینوں فلمیں عید الاضحیٰ پر ریلیز ہوئیں —فوٹو/ اسکرین شاٹ
تینوں فلمیں عید الاضحیٰ پر ریلیز ہوئیں —فوٹو/ اسکرین شاٹ

رواں سال عیدالاضحیٰ کے موقع پر پاکستان کی تین بڑی فلمیں سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی گئیں۔

ان میں ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘، ’پرواز ہے جنون‘ اور ’لوڈ ویڈنگ‘ شامل ہیں۔

سینما گھروں میں تینوں ہی فلموں کے شوز ہاؤس فل جارہے ہیں، جس کی وجہ ان کو ملنے والے شاندار ریویوز ہیں۔

تجزیہ کاروں نے ان تینوں ہی فلموں کی جم کر تعریف کی، جبکہ شائقین بھی بڑے تعداد میں سینما گھروں کا رخ کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: ‘جوانی پھر نہیں آنی 2’ نے ریکارڈ کارڈ الٹ پلٹ کردیے

تاہم ان تینوں فلموں کے لیے جو بات سب سے اہم ہے وہ یہ کہ باکس آفس کی دوڑ میں سب سے آگے کون سی فلم رہی اور کس نے اب تک کتنی کمائی حاصل کرلی۔

یاد رہے کہ یہ تینوں فلمیں 22 اگست کو ریلیز ہوئیں، تاہم کمائی کے لحاظ سے ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ نے پرواز ہے جنون اور لوڈ ویڈنگ کو پیچھے چھوڑ دیا۔

فلم ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ نے 20 کروڑ کے قریب کمائے۔

اس فلم میں ہمایوں سعید اور فہد مصطفیٰ نے مرکزی کردار ادا کیے، جبکہ احمد علی بٹ اور واسع چودہری بھی اہم کرداروں میں نظر آئے۔

فلم میں ماورا حسین اور کبریٰ خان مرکزی اداکارائیں بنیں۔

اس کامیڈی فلم کے پہلے حصے کو 2015 میں ریلیز کیا گیا تھا، جو اس وقت کی ہٹ فلم ثابت ہوئی تھی، جبکہ رواں سال کی یہ کامیڈی فلم بھی متاثر کرنے میں کامیاب ہورہی ہے۔

فلم میں حمزہ علی عباسی اور فواد خان کے کیمیوز نے بھی دل جیت لیا۔

عید پر ریلیز ہونے والی دوسری فلم ’پرواز ہے جنون‘ کے ذریعے پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اس فلم میں حمزہ علی عباسی، احد رضا میر اور ہانیہ عامر نے مرکزی کردار ادا کیے۔

فلم نے اپنی ریلیز سے اب تک 12 کروڑ سے زائد کا بزنس کرلیا ہے۔

جبکہ تیسری فلم ’لوڈ ویڈنگ‘ بھی کسی سے پیچھے نہیں رہی، فلم کو سب سے زیادہ مثبت ریویوز موصول ہوئے۔

فلم ’لوڈ ویڈنگ‘ کی ہدایات کامیاب فلموں کی ڈائیریکٹر نبیل قریشی نے کی، جس میں فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات نے مرکزی کردار ادا کیے۔

فلم نے اب تک باکس آفس پر 7 کروڑ کے قریب کمائی کرلی ہے۔