مراکشی گلوکار فرانسیسی خاتون سے‘ریپ’ کے الزام میں گرفتار

اپ ڈیٹ 27 اگست 2018
سعد المجرد مراکش کے معروف گلوکاروں میں سے ایک ہیں—فوٹو: اے ایف پی
سعد المجرد مراکش کے معروف گلوکاروں میں سے ایک ہیں—فوٹو: اے ایف پی

مراکش کے معروف پاپ گلوکار 33 سالہ سعدالمجرد کو فرانسیسی پولیس نے خاتون کے ‘ریپ’ کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

مراکشی گلوکار کو 26 اگست کو پولیس نے ایک خاتون کی شکایت کے بعد گرفتار کیا۔

پاپ گلوکار سعد المجرد گزشتہ 8 سال میں تیسری بار غیر ملکی خواتین کے ساتھ ‘ریپ’ اور جنسی تشدد کے الزامات میں گرفتار ہوئے۔

اس واقعے سے قبل بھی وہ 2 بار غیر ملکی خواتین کے ساتھ ‘ریپ’ اور جنسی تشدد کے الزامات کی وجہ سے گرفتار ہوچکے ہیں۔

سعد المجرد 2 سال قبل اکتوبر 2016 میں فرانس میں ہی ایک دوشیزہ کو ‘ریپ’ اور جنسی تشدد کا نشانہ بنانے کے الزام میں گرفتار ہوئے تھے۔ تاہم بعد ازاں انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

سعد المجرد پر 2016 میں ‘ریپ’ کے الزام کا ٹرائل بھی تاحال شروع نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: مراکشی ڈانسر کے لیے بھارت کے دروازے کھل گئے

اس سے قبل وہ 2010 میں امریکی شہر نیویارک کے نواحی علاقے بروکلن میں بھی ایک خاتون کو ‘ریپ’ کا نشانہ بنانے اور اس پر تشدد کرنے کے الزام میں گرفتار ہوئے تھے۔

خوش قسمتی سے مراکشی گلوکار اس وقت بھی ضمانت پر رہا ہوگئے تھے اور تاحال اس کیس کا بھی ٹرائل شروع نہیں ہوا اور وہ دونوں کیسز میں ضمانت پر آزاد ہیں۔

عرب نشریاتی ادارے ‘عرب نیوز‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ 33 سالہ سعد المجرد ’ریپ‘ کے الزام میں تیسری بار فرانس کے معروف سیاحتی علاقے فرینچ رویرا میں گرفتار ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق مراکشی گلوکار کو 26 اگست کو گرفتار کیا گیا اور مقامی قانون کے مطابق وہ 48 گھنٹے تک پولیس کی تحویل میں رہیں گے۔

سعد المجرد مراکش کے معروف پاپ گلوکار ہیں، انہوں نے ملک کے اعلیٰ سول ایوارڈ سمیت موسیقی کے کئی ایوارڈز حاصل کر رکھے ہیں۔

ان کے حوالے سے مشہور ہے کہ وہ جہاں بھی بیرون ملک دورے پر جاتے ہیں تو وہ خواتین کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کے ساتھ پیش آتے ہیں۔

ان کے گانے ’المعلم‘ کو یوٹیوب پر 65 کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے، جب کہ ان کے متعدد گانوں کو بھی 10 کروڑ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں