‘خواتین فلم سازوں پر تنقید کیوں؟’

میگھنا گلزار نے زیادہ تر مردوں کے گرد گھومنے والی فلمیں بنائی ہیں—فوٹو: پنک ولا
میگھنا گلزار نے زیادہ تر مردوں کے گرد گھومنے والی فلمیں بنائی ہیں—فوٹو: پنک ولا

بولی وڈ کے معروف فلم ساز اور شاعر گلزار کی بیٹی فلم ساز میگھنا گلزار نے ان تاثرات کو مسترد کردیا کہ خواتین فلم ساز مصالحہ فلمیں نہیں بناتیں۔

ساتھ ہی میگھنا گلزار نے خواتین فلم سازوں پر تنقید کرنے والے افراد سے سوال کیا کہ جب ایک مرد فلم ساز مرد کی مرکزی کہانی پر فلم بناتا ہے تو یہ سوال کیوں نہیں کیا جاتا ہے کہ ‘مرد ہدایت کار صرف مرد حضرات کے ارد گرد گھومنے والی فلمیں کیوں بناتے ہیں؟

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق میگھنا گلزار نے خواتین فلم سازوں کی جانب سے بنائی جانے والی فیمیل لیڈ کاسٹ پر مبنی فلموں پر تنقید کرنے والوں سے سوال کیا کہ عورتوں پر مبنی فلمیں بنانے پر صرف خواتین فلم سازوں کو ہی کیوں تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے؟

44 سالہ میگھنا گلزار کا کہنا تھا کہ فلم کی کامیابی اور اچھی فلم کا تعلق مرد یا خاتون فلم ساز سے نہیں بلکہ کہانی سے ہوتا ہے۔

حال ہی میں میگھنا گلزار کی فلم راضی ریلیز ہوئی، جس کی کہانی ایک خاتون کے گرد گھومتی ہے—فوٹو: ہندوستان ٹائمز
حال ہی میں میگھنا گلزار کی فلم راضی ریلیز ہوئی، جس کی کہانی ایک خاتون کے گرد گھومتی ہے—فوٹو: ہندوستان ٹائمز

فلم ساز نے بتایا کہ خواتین کی مرکزی کاسٹ پر بنائی گئی فلمیں ’پاکیزہ اور سجاتا’ جیسی فلمیں عورتوں نے نہیں بلکہ مرد فلم سازوں نے بنائی۔

اسی طرح میگھنا گلزار نے مثال دی کہ 2004 میں ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان کی فلم ‘میں ہوں نا’ 2007 میں ریلیز ہونے والی ‘اوم شانتی اوم’ اور 2014 میں ریلیز ہونے والی ‘ہیپی نیو ایئر’ خاتون فلم ساز فرح خان کی فلمیں تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: رواں برس بولی وڈ پر خواتین کا راج

میگھنا گلزار نے سوال کیا کہ جب کوئی مرد فلم ساز مرد اداکار کے گرد گھومنے والی فلم بناتا ہے تو اس پر تنقید نہیں کی جاتی تو صرف خواتین فلم سازوں کو عورتوں پر مبنی فلمیں بنانے پر کیوں تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے؟

خیال رہے کہ میگھنا گلزار کی حال ہی میں عالیہ بھٹ کی کاسٹ پر مبنی فلم ‘راضی’ ریلیز ہوئی تھی، اس فلم کی کہانی ایک عورت کے گرد گھومتی ہے۔

اس سے قبل 2015 میں میگھنا گلزار کی فلم ‘تلوار’ ریلیز ہوئی تھی۔

اس سے قبل میگھنا گلزار کی فلمیں ‘دس کہانیاں، جسٹ میرڈ، فی الحال اور ہو تو تو’ ریلیز ہوچکی ہیں، انہوں نے 1999 میں فلم سازی میں قدم رکھا۔

میگھنا شاعر گلزار کی بیٹی ہیں—فائل فوٹوانڈین ایکسپریس
میگھنا شاعر گلزار کی بیٹی ہیں—فائل فوٹوانڈین ایکسپریس

تبصرے (0) بند ہیں