خیبر پختونخوا کے نگراں گورنر مشتاق احمد غنی نے زرعی یونیورسٹی پشاور میں انتظامیہ کے افسر کی جانب سے طالب علم سے بد سلوکی کرنے اور بندوق دکھا کر ڈرانے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

نگراں گورنر نے واقعے پر انکوائری کا حکم دیتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ سے حقائق منظر عام پر لانے کی ہدایت جاری کیں۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پشاور کی زرعی یونیورسٹی کے انتظامیہ کے افسر نے طالب علم سے بدسلوکی کرتے ہوئے اس پر بندوق تان لی تھی۔

مزید پڑھیں: اساتذہ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے سب سے اچھا طریقہ کیا؟

اطلاعات کے مطابق افسر نے طالب علم کے کپڑے پھاڑے اور دھکے بھی مارے تھے۔

رپورٹس کے مطابق طالب علم کی انتظامیہ سے معمولی سی بات پر تلخ کلامی ہوئی تھی۔

بعد ازاں یونیورسٹی کے انتظامیہ کے افسر نے دیگر طلباء کو بھی اسلحہ دکھا کر خاموش رہنے کا کہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت نے ہراساں کرنے والے ٹیچر پر پابندی عائد کردی

نگراں گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ اس طرح کے واقعات ایک تعلیمی درسگاہ میں کسی صورت قابل قبول نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں