کیا واقعی سلمان خان نے سیلاب متاثرین کو 12 کروڑ چندہ دیا؟

اپ ڈیٹ 28 اگست 2018
سلمان خان نے خود کوئی اعلان نہیں کیا—فائل فوٹو: این ڈی ٹی وی
سلمان خان نے خود کوئی اعلان نہیں کیا—فائل فوٹو: این ڈی ٹی وی

بھارتی ریاست کیرالا میں بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب سے جہاں 400 سے زائد افراد لقمہ اجل بنے، وہیں لاکھوں افراد متاثر بھی ہوئے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کیرالا میں آنے والے اس صدی کے سب سے بڑے سیلاب سے ریاست کے تقریبا تمام علاقے کسی نہ کسی طرح متاثر ہوئے ہیں اور بحالی کے لیے کھربوں روپے کی ضرورت ہے۔

کیرالا کے سیلاب متاثرین کے لیے جہاں ریاستی حکومت اور مرکزی حکومت میں امداد پر تنازع جاری ہے، وہیں بولی وڈ سمیت دیگر شعبوں کے افراد متاثرین کے لیے دل کھول کر امداد دے رہے ہیں۔

سیلاب متاثرین کے لیے ریاست کے وزیر اعلیٰ سری پناریے وجاین نے فنڈ کے لیے خصوصی سیل قائم کرنے سمیت آن لائن فنڈ وصول کرنے کا خصوصی اہتمام بھی کیا ہے۔

ٹائمز ناؤ کی رپورٹ کے مطابق اب تک وزیر اعلیٰ فنڈ اسکیم میں 713 کروڑ روپے سے زائد کی رقم جمع ہوچکی ہے۔

اس مہم کے دوران گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ بولی وڈ دبنگ ہیرو سلمان خان نے بھی کیرالا سیلاب متاثرین کے لیے 12 کروڑ روپے کی بھاری رقم امداد کردی۔

اس سے قبل کنگنا رناوٹ سمیت دیگر اداکاروں کی جانب سے بھی 5 سے 10 لاکھ روپے کی رقم امداد کرنے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

تاہم سلمان خان کی جانب سے بہت بڑی رقم عطیہ کرنے کی خبر نے سب کو حیران کردیا تھا۔

سلمان خان کی جانب سے کیرالا سیلاب متاثرین کے لیے 12 کروڑ امداد دینے کا اعلان خود انہوں نے نہیں بلکہ ایک اور اداکار نے ٹوئیٹ کے ذریعے کیا۔

معروف اداکار جاوید جعفری نے ٹوئیٹ کی تھی کہ سلمان خان نے کیرالا متاثرین کے لیے 12 کروڑ روپے کی خطیر رقم امداد کی ہے۔

ثبوت مانگے جانے پر جاوید جعفری نے پرانی ٹوئیٹ ڈیلیٹ کرکے دوسری ٹوئیٹ کی
ثبوت مانگے جانے پر جاوید جعفری نے پرانی ٹوئیٹ ڈیلیٹ کرکے دوسری ٹوئیٹ کی

ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ صحیح معنوں میں یہ شخص کچھ مختلف ہے اور نہ جانے وہ کتنے افراد کی دعائیں ساتھ لے کر چلتا ہے، اللہ اسے خوش رکھے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق جاوید جعفری نے جیسے ہی یہ ٹوئیٹ کی تو لوگوں نے ان سے سلمان خان کی جانب سے اتنی بڑی رقم عطیہ کرنے کے ثبوت مانگے۔

رپورٹ کے مطابق لوگوں نے جاوید جعفری سے کئی اور بھی سوالات کیے، جس پر مجبورا انہیں اپنی پرانی ٹوئیٹ ڈیلیٹ کرکے نئی ٹوئیٹ کرنا پڑی، جس میں انہوں نے لکھا کہ انہوں نے بھی یہ سنا ہے کہ سلمان خان نے کیرالا متاثرین کے لیے 12 کروڑ کی رقم امداد کی ہے۔

دوسری جانب نیوز 18 نے بتایا کہ کیرالا سیلاب متاثرین کے لیے قائم وزیر اعلیٰ فنڈ کی فہرست میں امداد دینے والے افراد میں سلمان خان کا نام ہی شامل نہیں۔

حیران کن بات یہ ہے کہ کیرالا متاثرین کے لیے امداد کے حوالے سے سلمان خان نےتاحال کوئی بیان نہیں دیا۔

سلمان خان اس وقت اپنی آنے والی فلم ‘بھارت’ کی شوٹنگ کے لیے افریقی ملک مالٹا میں موجود ہیں، اور وہ سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر شیئر کر رہے ہیں، تاہم انہوں نے کیرالا سیلاب کے حوالے سے کوئی پوسٹ نہیں کی۔

تبصرے (0) بند ہیں