پریانکا اور وشال بھردواج 7 سال بعد ایک ساتھ

اپ ڈیٹ 30 اگست 2018
ویشال بھردواج اور پریانکا چوپڑا —فوٹو/ اسکرین شاٹ
ویشال بھردواج اور پریانکا چوپڑا —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے بھلے ہی سلمان خان کی فلم ’بھارت‘ میں کام کرنے سے انکار کردیا ہو، تاہم وہ ایک اور بولی وڈ فلم کو سائن کرنے کا ارادہ کررہی ہیں۔

پریانکا چوپڑا کو سلمان خان کی فلم ’بھارت‘ میں سائن کیا گیا تھا، تاہم اداکارہ نے فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا، جس کے بعد کترینہ کیف کو ان کی جگہ کاسٹ کرلیا گیا۔

مزید پڑھیں: کترینہ کیف نے ’بھارت‘ میں پریانکا کی جگہ لے لی

اس وقت ایسا محسوس ہوا کہ پریانکا اپنے ہولی وڈ پروجیکٹس میں کافی مصروف ہیں، تاہم اب خبریں ہیں کہ وہ نامور ہدایت کار اور پروڈیوسر وشال بھردواج کی فلم سائن کرنے جارہی ہیں۔

وشال بھردواج نے ایک پریس کانفرنس کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اس وقت پریانکا چوپڑا سے اپنی اگلی فلم کے سلسلے میں رابطے میں ہیں۔

یاد رہے کہ پریانکا چوپڑا وشال بھردواج کی 2 کامیاب فلموں میں کام کرچکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’بھارت‘ کو چھوڑ کر پریانکا کی نئی ہولی وڈ فلم

ان میں 2009 کی فلم ’کمینے‘ اور 2011 کی فلم ’7 خون معاف‘ شامل ہیں۔

یہ دونوں تھرلر فلمیں تھیں، تاہم اس بار وشال بھردواج پریانکا کو ماضی کی فلموں سے ہٹ کر لکھے گئے اسکرپٹ کی فلم آفر کررہے ہیں۔

یہ فلم ویلیم شیکسپیئر کے ایک کامیڈی پلے سے متاثر ہوکر بنائی جارہی ہے۔

وشال کا کہنا تھا کہ ’ہم اس وقت اسکرپٹ پر کام کررہے ہیں، امید ہے کہ اگلے سال اس کی شوٹنگ کا آغاز ہوگا، جب تک پریانکا اپنی فلم دی سکائے از پنک کی شوٹنگ بھی مکمل کرلیں گی‘۔

تبصرے (0) بند ہیں