شاہد کپور باکسر بنیں گے

فلم کی شوٹنگ کا آغاز آئندہ برس ہوگا—فائل فوٹو: بولی وڈ ڈاٹ کام/ وکی پیڈیا
فلم کی شوٹنگ کا آغاز آئندہ برس ہوگا—فائل فوٹو: بولی وڈ ڈاٹ کام/ وکی پیڈیا

آنے والی بولی وڈ فلم ‘بتی گل میٹر چالو’ کی تشہیر میں مصروف اداکار شاہد کپور کے حوالے سے تازہ خبر یہ ہے کہ وہ آنے والی فلم میں باکسر کا کردار ادا کریں گے۔

یہ پہلا موقع ہوگا کہ شاہد کپور پہلی بار اسپورٹس فلم میں کام کرتے نظر آئیں گے۔

دکن کیرونیکل کی رپورٹ کے مطابق شاہد کپور آنے والی بولی وڈ فلم میں بھارتی گولڈ میڈلسٹ باکسر ڈنکو سنگھ کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

فلم کی ہدایات راجا کرشنا مینن دیں گے اور اس کی شوٹنگ آئندہ برس اپریل سے شروع کیے جانے کا امکان ہے۔

راجا کرشنا مینن نے اس فلم سے قبل اکشے کمار کی مشہور فلم ‘ایئر لفٹ’ اور سیف علی خان ’شیف’ کی ہدایات بھی دی ہیں۔

فلم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاہد کپور نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ ایک اچھی کہانی پر مبنی فلم میں کام کرنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ فلم عام فلموں سے مختلف ہوگی، کیوں کہ باکسر ڈنکو سنگھ نے نہ صرف کم عمری میں گولڈ میڈل جیتا، بلکہ انہوں نے کینسر جیسے موضی مرض سے بھی جنگ لڑی۔

اداکار کے مطابق ڈنکو سنگھ کی 13 کیمو تھراپیاں ہوئیں اور انہوں نے نہ صرف کھیل کے میدان میں کامیابی حاصل کی، بلکہ ان کی زندگی بھی دوسرے لوگوں کے لیے حوصلہ افزا ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ فلم کی دیگر کاسٹ میں اور کون سے اداکار شامل ہیں، تاہم امکان ہے کہ جلد ہی دیگر کاسٹ کا بھی اعلان کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ 39 سالہ باکسر ڈنکو سنگھ بھارتی ریاست منی پور کے ضلع امپھال کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں پیدا ہوئے۔

انہوں نے 1998 میں ہونے والی ایشین گیمز میں باکسنگ میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔

اس سے قبل بھی بولی وڈ میں ‘میری کوم’ جیسی فلمیں باکسنگ پر بنائی گئی ہیں۔

میری کوم میں پریانکا چوپڑا نے بھارتی گولڈ میڈلسٹ خاتون باکسر میری کوم کا کردار ادا کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں