پاکستانی اداکار سعودی عرب کے میڈیا وزیر عواد العواد کے ساتھ—فوٹو: عرب نیوز
پاکستانی اداکار سعودی عرب کے میڈیا وزیر عواد العواد کے ساتھ—فوٹو: عرب نیوز

پاکستان اور بھارت میں لاکھوں افراد کے پسندیدہ اداکار، ماڈل اور گلوکار فواد خان نے سعودی عرب کی وزارت ثقافت واطلاعات کی دعوت پر حج کا فریضہ ادا کردیا۔

فواد خان نے پہلی بار فریضہ حج ادا کیا، ساتھ ہی انہوں نے سعودی حکومت کی جانب فریضہ ادا کرنے والے معزز مہمانوں کے لیے رکھی گئی تقریب میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی۔

عرب نیوز کے مطابق پاکستانی اداکار فواد خان بھی ان معزز مہمانوں میں شامل تھے، جنہوں نے رواں برس سعودی عرب کی وزارت ثقافت و اطلاعات کی دعوت پر حج کا فریضہ ادا کیا۔

فواد خان نے حج کی ادائگی کے بعد وزارت ثقافت و اطلاعات کی جانب سے منعقد ایک تقریب میں بھی شرکت کی اور وہاں اپنے تجربات شیئر کیے۔

تقریب میں فواد خان کے ساتھ کئی سعودی عرب کے وزیر اور اعلیٰ عہدیدار تصاویر کھچواتے نظر آئے، ساتھ ہی ان کی تقریر کی ویڈیوز عرب سوشل میڈیا سمیت پاکستان میں بھی وائرل ہوگئیں۔

اداکار نے فریضہ حج کی ادائگی پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں زندگی کے ایک بہترین اور اچھے تجربے سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔

اداکار نے وزارت ثقافت و اطلاعات کی جانب سے منعقد تقریب میں بھی شرکت کی—فوٹو: عرب نیوز
اداکار نے وزارت ثقافت و اطلاعات کی جانب سے منعقد تقریب میں بھی شرکت کی—فوٹو: عرب نیوز

عرب نیوز کے ساتھ گفتگو کے دوران فواد خان کا کہنا تھا کہ انہیں لاکھوں انسانوں کی طرح اللہ کے حضور حاضری دینے اور عبادات کرنے سے روحانی خوشی ہوئی، ساتھ ہی انہیں ایک منفرد آزادی کا بھی احساس ہوا۔

فواد خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے میڈیا اور سیکیورٹی سے دور لاکھوں افراد کی بھیڑ میں انتہائی سکون کے ساتھ حج کی ادائگی کی۔

اداکار سعودی میڈیا کی توجہ کا بھی مرکز رہے—فوٹو: عرب نیوز
اداکار سعودی میڈیا کی توجہ کا بھی مرکز رہے—فوٹو: عرب نیوز

فواد خان نے حج کے موقع پر سعودی عرب کی جانب سے لاکھوں افراد کے لیے کیے جانے والے اعلیٰ انتظامات کی بھی تعریف کی اور کہا کہ لوگوں کی اتنی بڑی تعداد کے لیے انتظامات کرنا کوئی آسان کام نہیں۔

فواد خان نے انٹریو کے دوران حج جیسی سعادت پر بات کرنے کے علاوہ سعودی عرب کے کلچر پر بھی بات کی۔

دوسری جانب سی جی سی سعودی کے ٹوئٹر ہینڈل سے بھی فواد خان کی ویڈیو جاری کی گئی، جس میں اداکار سعودی حکومت کی جانب سے حج کے موقع پر اعلیٰ انتظامات پر بات کرتے نظر آئے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں