ویسے تو لوگ اکثر ایک دن کا بچا ہوا کھانا اگلے دن استعمال کرلیتے ہیں، بلکہ بہت سے افراد باہر کھانا کھانے جائیں تو اپنا بچا ہوا کھانا گھر لے آتے اور پھر اگلے دن اس کا استعمال کرتے۔

لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ ایسا کھانا آپ کی صحت کے لیے کتنا مفید ہے یا اسے کھانے سے آپ کی صحت خراب تو نہیں ہوسکتی؟

آج کی بچی ہوئی ہر غذاء اگلے دن کھانا خطرناک نہیں، لیکن بہت سے کھانے ایسے بھی ہیں جن کو اگر آپ اگلے دن کھائیں گے تو یہ آپ کی صحت پر منفی اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔

اس لیے ریسٹورانٹ جائیں اور آپ کے یہ کھانے بچ جائیں تو ان کا استعمال اگلے دن بالکل نہ کریں۔

سوشی (مچھلی سے تیار جاپانی غذاء)

سوشی جیسی ڈش کو تازہ کھانا بہتر ہے ورنہ یہ اگر اگلے دن رکھ کر کھائی جائے تو آپ کا پیٹ خراب کرسکتی ہے۔

برگر

برگر کھانا تو سب کو ہی پسند ہوگا لیکن اگر اسے اگلے دن کھایا جائے تو اس کا بن باسی ہوجاتا ہے جبکہ برگر میں موجود ٹماٹر جیسی سبزیاں خراب ہوسکتی ہیں۔

انڈے کے ساتھ بنے پکوان

ڈاکٹرز انڈے کو دوبارہ گرم کرنا سختی سے منع کرتے ہیں، اس لیے اگر ایسی کوئی ڈش جس میں انڈا کھایا جارہا ہے اسے بہتر ہے اس ہی دن ختم کردیں۔

کریمی ساس سے تیار پاستا

کریمی ساس سے تیار پاستا اگر اگلے دن کھایا جائے تو گرم کرنے پر اس کا ذائقہ تبدیل ہوجاتا ہے اس کے علاوہ اس میں موجود ساس آپ کو موٹاپے کا شکار بناسکتے ہیں۔

نوڈلز سوپ

ویسے تو سوپ اگلے دن پیا جائے تو کوئی مسئلہ نہیں، لیکن اگر اس سوپ میں نوڈلز موجود تھے تو بہتر ہے اسے تازہ ختم کرلیا جائے، کیوں کہ نوڈلز دوبارہ گرم ہونے پر تازہ نہیں رہتے اور یہ صحت کے لیے ٹھیک نہیں۔

سلاد

سلاد کے بارے میں تو ہمیشہ ہی کہا جاتا ہے کہ اسے تازہ کھایا جائے، لیکن اگر آپ اسے اگلے دن کے لیے بچا کر رکھتے ہیں تو اس میں موجود سبزیاں خراب ہوسکتی ہیں جو پیٹ خراب کردیں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں