بولی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے اپنے شوہر اداکار ابھیشیک بچن کے ساتھ جلد ہی 8 سال بعد ایک فلم میں جلوے بکھیرتی نظر آئیں گی۔

ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن فلم ساز انوراگ کشیپ کی فلم ‘گلاب جامن’ میں ایک بار پھر میاں بیوی کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

اگرچہ اس فلم کی مکمل کہانی کی تفصیل تاحال سامنے نہیں آئی، تاہم اطلاعات ہیں کہ حقیقی زندگی کی طرح اسکرین پر بھی دونوں رومانوی جوڑے کا کردار ادا کریں گے۔

اس فلم کے حوالے سے ایسی خبریں بھی سامنے آئیں کہ ایشوریا رائے نے اس فلم میں اپنے ہی شوہر کی بیوی بننے کے لیے فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی کی پیش کش بھی ٹھکرادی۔

یہ بھی پڑھیں: ایشوریا اور ابھیشیک کی ’گلاب جامن‘

اطلاعات تھیں کہ سنجے لیلا بھنسالی نے بھی ایشوریا رائے کو فلم میں کام کرنے کی پیش کش کی تھی، تاہم انہوں نے اپنے شوہر کی خاطر فلم ساز کے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا۔

تاہم اب دکن کیرونیکل نے اداکارہ کے قریبی ذرائع سے بتایا ہے کہ ایشوریا رائے نے سجے لیلا بھنسالی کی پیش کش مسترد نہیں کی، بلکہ وقت نہ ہونے کے باعث کام کرنے سے معزرت کی۔

رپورٹ میں اداکارہ کے قریبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ایشوریا رائے سنجے لیلا بھنسالی کی فلم میں بھی کام کرنا چاہتی تھیں اور ابھیشک بچن کے ساتھ ‘گلاب جامن’ میں بھی آنا چاہتی تھیں۔

تاہم دونوں فلموں کی شوٹنگ بیک وقت ہونے کی وجہ سے اداکارہ کے پاس وقت کی قلت تھی اور انہیں دونوں میں سے ایک فلم کو جوائن کرنا تھا، اس لیے انہوں نے شوہر کی خاطر سنجے لیلا کی فلم کو مسترد کیا۔

مزید پڑھیں: باپ، بیٹے اور بیوی کی ‘گلاب جامن’

رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ سنجے لیلا بھنسالی نے ایشوریا رائے کو کس فلم میں کام کرنے کی پیش کش کی تھی اور ان کے ساتھ کس ہیرو کو کاسٹ کیا جانا تھا۔

خیال رہے کہ ‘گلاب جامن’ کے حوالے سے یہ اطلاعات بھی ہیں کہ ممکنہ طور پر اس میں امیتابھ بچن کو بھی کاسٹ کیا جائے گا۔

اطلاعات ہیں کہ امیتابھ بچن کو اپنے ہی بیٹے ابھیشک بچن کے والد کا کردار نبھانے کی پیش کش کی گئی ہے، تاہم یہ بھی خبریں ہیں کہ ممکنہ طور پر وہ اپنی بہو ایشوریا رائے کے والد کا کردار نبھائیں گے۔

اگر تینوں اداکار اس فلم میں کاسٹ ہوئے تھے یہ ان کی ایک ساتھ دوسری فلم ہوگی، تینوں اداکار اس سے قبل 2008 میں ریلیز ہونے والی فلم سرکار راج میں کام کر چکے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں