فرانسیسی خاتون سے‘ریپ’ الزام میں گرفتار مراکشی گلوکار ضمانت پر رہا

ای میل

سعدالمجرد مراکش کے معروف گلوکار ہیں—اسکرین شاٹ
سعدالمجرد مراکش کے معروف گلوکار ہیں—اسکرین شاٹ

رواں ماہ 27 اگست کو یورپی ملک فرانس میں ایک خاتون کے ساتھ ‘ریپ’ کے الزام میں گرفتار مراکش کے گلوکار کو ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

یہ تیسری بار ہے کہ 33 سالہ مراکشی گلوکار سعد المجرد کو ’ریپ’ کیس میں ضمانت پر رہا کیا گیا۔

اس سے قبل بھی وہ 2016 میں فرانس کے ایک ہوٹل میں خاتون کے ساتھ‘ریپ’ کے الزام میں گرفتار ہوئے تھے، تاہم انہیں ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔

اس سے قبل 2010 میں سعد المجرد کو امریکی شہر نیویارک کے نواحی علاقے بروکلن میں بھی ایک خاتون کو ‘ریپ’ کا نشانہ بنانے اور اس پر تشدد کرنے کے الزام میں گرفتار ہوئے تھے۔

خوش قسمتی سے مراکشی گلوکار اس وقت بھی ضمانت پر رہا ہوگئے تھے اور تاحال اس کیس کا بھی ٹرائل شروع نہیں ہوا اور وہ دونوں کیسز میں ضمانت پر آزاد ہیں۔

عرب نشریاتی ادارے ‘العربیہ’ کی رپورٹ کے مطابق سعد المجرد کو فرانیسی عدالت نے ریپ کیس میں 29 اگست کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے ان پر عدالتی نگرانی برقرار رکھنے کا بھی حکم دیا۔

رپورٹ کے مطابق جنوبی فرانس کے شہر ڈریگنن میں پراسیکیوٹر نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ مراکشی گلوکار کو مختصر مدت کے لیے جیل بھیجا جائے، تاہم عدالت نے ان کی درخواست مسترد کردی۔

یہ بھی پڑھیں: مراکشی گلوکار فرانسیسی خاتون سے‘ریپ’ کے الزام میں گرفتار

عدالت نے سعد المجرد کو ضمانت پر آزاد کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ وہ عدالتی نگرانی میں رہیں گے۔

سعد المجرد کو 27 اگست کو فرانس کے معروف سیاحتی علاقے فرینچ رویرا میں گرفتار سے گرفتار کیا گیا تھا۔

ان پر الزام تھا کہ انہوں نے ایک ہوٹل میں رہائش کے دوران ایک خاتون کو ریپ کا نشانہ بنایا۔

گرفتاری کے بعد انہیں 2 دن تک جیل میں رکھا گیا، تاہم 29 اگست کو انہیں ضمانت پر رہا کیا گیا۔

خیال رہے کہ سعد المجرد گزشتہ ڈیڑھ سال سے زائد عرصے سے فرانس میں رہائش پذیر ہیں۔

وہ فرانس میں اپنے اوپر ریپ کیسز کی وجہ سے وہاں رہائش پذیر ہیں، اگرچہ ان کے خلاف تاحال کسی بھی کیس کی باقاعدہ سماعت نہیں ہوئی، تاہم امکان ہے کہ ان کے خلاف کیسز کی سماعت کسی وقت بھی شروع ہوسکتی ہے۔

مزید پڑھیں: مراکشی ڈانسر کے لیے بھارت کے دروازے کھل گئے

سعد المجرد مراکش کے معروف پاپ گلوکار ہیں، انہوں نے ملک کے اعلیٰ سول ایوارڈ سمیت موسیقی کے کئی ایوارڈز حاصل کر رکھے ہیں۔

ان کے حوالے سے مشہور ہے کہ وہ جہاں بھی بیرون ملک دورے پر جاتے ہیں تو وہ خواتین کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کے ساتھ پیش آتے ہیں۔

ان کے گانے ’المعلم‘ کو یوٹیوب پر 65 کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے، جب کہ ان کے متعدد گانوں کو بھی 10 کروڑ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔