بپاشا باسو اور اس کے شوہر کی ‘عادت’

ای میل

جوڑے کی ایک ساتھ یہ دوسری فلم ہوگی—فائل فوٹو: ٹائمز آف انڈیا
جوڑے کی ایک ساتھ یہ دوسری فلم ہوگی—فائل فوٹو: ٹائمز آف انڈیا

رومانٹک تھرلر فلموں میں کام کرنے سے شہرت حاصل کرنے والی بپاشا باسو گزشتہ کچھ عرصے سے فلموں سے دور ہیں۔

بپاشا باسو کی آخری فلم ‘الون’ ان کی شادی سے قبل 2015 میں ریلیز ہوئی تھی۔

بپاشا باسو نے 2015 میں ریلیز ہونے والی رومانٹک تھرلر فلم ‘الون’ میں اپنے ہونے والے شوہر کرن سنگھ گروور کے ساتھ کام کیا تھا۔

رومانٹک تھرلر فلم کی شوٹنگ کرتے کرتے ان دونوں میں پیار ہوا اور اگلے ہی سال اپریل 2016 میں ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ایک ہوگئے۔

اب شادی کے تین سال بعد دونوں ایک ساتھ رومانٹک تھرلر فلم ’عادت’ میں نظر آئیں گے۔

ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اطلاعات ہیں کہ بپاشا باسو اور ان کے شوہر کرن سنگھ گروور جلد ہی ‘عادت’ کی شوٹنگ شروع کردیں گے۔

رپورٹ کے مطابق ‘عادت’ کی شوٹنگ رواں برس جون میں ہی شروع ہونی تھی، تاہم جوڑے کی مصروفیات کے باعث اس کی شوٹنگ آئندہ ماہ ستمبر تک مؤخر کردی گئی۔

اب اطلاعات ہیں کہ جلد ہی دونوں فلم کی شوٹنگ کے لیے لندن روانہ ہوں گے۔

فلم کی ہدایات بشن پٹیل دیں گے، جو اس سے قبل جوڑے کی فلم ‘الون’ کی بھی ہدایات دے چکے ہیں۔

دونوں کے درمیان تعلقات بھی رومانٹک تھرلر فلم الون کی شوٹنگ کے دوران استوار ہوئے—اسکرین شاٹ/یوٹیوب
دونوں کے درمیان تعلقات بھی رومانٹک تھرلر فلم الون کی شوٹنگ کے دوران استوار ہوئے—اسکرین شاٹ/یوٹیوب

اس فلم کی خاص بات یہ ہوگی کہ اسے گلوکار میکا سنگھ پروڈیوس کر رہے ہیں، جب کہ اس کی کہانی وکرم بھٹ نے لکھی ہے۔

اطلاعات ہیں کہ فلم میں کرن سنگھ گروور کاروباری شخص کا کردار ادا کریں گے، جب کہ بپاشا پاسو پولیس افسر کے کردار میں نظر آئیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: ’میں سمجھتی تھی کہ میری کبھی شادی نہیں ہوپائے گی‘

یہ واضح نہیں ہے کہ فلم کی دیگر کاسٹ میں اور کون سے اداکار شامل ہیں، تاہم امکان ہے کہ دیگر کاسٹ کا بھی جلد اعلان کیا جائے گا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم کو آئندہ برس کے وسط تک ریلیز کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ 38 سالہ بپاشو باسو اور 34 سالہ کرن سنگھ گروور کی شادی اپریل 2016 میں ہوئی تھی۔

بپاشا باسو کی یہ پہلی جب کہ کرن سنگھ گروور کی تیسری شادی تھی۔

کرن سنگھ نے بپاشا سے قبل بھارتی ٹی وی اداکارہ جینیفر ونگٹ سے 2012 میں شادی کی تھی، تاہم ان کی شادی 2 سال ہی چل پائی اور دونوں کے درمیان 2014 میں طلاق ہوگئی۔

جینیفر ونگٹ سے قبل کرن سنگھ گروور نے 2008 میں بھارتی ٹی وی اداکارہ شرادھا نگھم سے شادی کی تھی، تاہم ان کی شادی ایک سال سے بھی کم عرصہ چلی اور دونوں میں طلاق ہوگئی۔

کرن سنگھ گروور سے قبل بپاشا باسو کا نام جان ابراہم اور ڈینی موریا سمیت مختلف ساتھی اداکاراؤں کے ساتھ جوڑا جاتا رہا، تاہم یہ افواہیں ان کی شادی کے بعد دم توڑ گئیں۔