الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ای ووٹنگ کی منظوری کے بعد ووٹ ڈالنے کا طریقہ کار بھی جاری کردیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے مجموعی طور پر 41 حلقوں میں 14 اکتوبر کو ضمنی انتخابات ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق بیرون ملک مقیم جن پاکستانیوں کا تعلق ان حلقوں سے ہے، وہ بھی 14 اکتوبر کو کمپیوٹر، لیپ ٹاپ، اسمارٹ فون یا ٹیبلٹ کے ذریعے اپنا ووٹ کاسٹ کر سکتے ہیں۔

— فوٹو: بشکریہ الیکشن کمیشن
— فوٹو: بشکریہ الیکشن کمیشن

حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے بیرون ملک مقیم پاکستانی شہریوں کو سب سے پہلے 31 اگست کی شب بارہ بجے سے 15 ستمبر (15 روز) تک اپنی آن لائن رجسٹریشن کرانی ہوگی۔

بیرون ملک مقیم پاکستانی ویب سائٹ 'اوورسیز ووٹنگ ڈاٹ جی او وی ڈاٹ پی کے' www.overseasvoting.gov.pk پر اپنی رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔

رجسٹریشن کے لیے نائیکوپ کارڈ، مشین ریڈیبل پاسپورٹ اور درست ای میل ایڈریس کا ہونا ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹ کا حق تسلیم

اوورسیز پاکستانی رجسٹریشن کا بنیادی عمل مکمل ہونے کے بعد اوورسیز پاکستانیوں کے لیے مخصوص ویب سائٹ پر جا کر اپنے شناختی کارڈ کے نمبر اور پتے کے ذریعے 'سائن اِن' کرنے کے بعد اپنی ای میل پر آنے والے 'پِن کوڈ' کے ذریعے اپنی تصدیق کروائیں گے۔

ووٹ دینے کے خواہشمند سمندر پار پاکستانیوں کے لیے بھی ووٹنگ کا وقت پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق ہی ہوگا، یعنی 14 اکتوبر کی صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک دنیا بھر میں موجود پاکستانی اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے آن لائن ہو سکیں گے۔

واضح رہے کہ ضمنی انتخابات میں صرف وہ سمندر پار پاکستانی ہی ووٹ دے سکیں گے، جن کا نام انتخابی فہرست میں پہلے سے موجود ہے۔

حالیہ انتخابات میں قومی اسمبلی کی 11 جبکہ صوبائی اسمبلی کی 26 نشستیں مختلف وجوہات کی بنا پر خالی ہوگئی تھیں، جس میں کچھ اراکینِ اسمبلی کے ایک سے زائد حلقوں سے منتخب ہونے اور کچھ امیدواروں کے انتقال کے سبب خالی ہوئیں۔

بشکریہ الیکشن کمیشن آف پاکستان

تبصرے (2) بند ہیں

Kaiserimam Aug 31, 2018 11:30pm
barune mulk pakistanis ko vote ka haq dena achhi bat hay. jab kisi kay pass nicope card mojud hay to Pakistani passport ki kia zarurat hay. Kia ghair mulki passport ka andraj kraya jay?????
Sanam Sep 01, 2018 11:12am
I tried to check my status for voting by adding my ID card and it is giving me error "invalid" card.