افغانستان میں پاکستانی سفارتخانے نے سیکیورٹی انتظامات پر مداخلت پر جلال آباد کا قونصل خانہ عارضی طور پر بند کردیا۔

پاکستانی سفارتخانے سے جاری پریس ریلیز کے مطابق صوبہ ننگرہار کے گورنر حیات اللہ حیات کی جلال آباد کے قونصل خانے کے سیکیورٹی سمیت مختلف امور میں بے جا مداخلت افسوسناک اور 1963 کے ویانا کنونشن کی مکمل خلاف ورزی ہے۔

پاکستانی سفارتخانے کی پریس ریلیز
پاکستانی سفارتخانے کی پریس ریلیز

سفارتخانے نے گورنر کی بے جا مداخلت کو روکنے کے لیے افغان وزارت خارجہ سے رابطہ کیا اور قونصل خانے کی سیکیورٹی بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ قونصل خانے کی سیکیورٹی جب تک 28 اگست کی پوزیشن پر بحال نہیں ہوگی قونصل خانہ بند رہے گا۔

دوسری جانب پاکستان نے جلال آباد میں قونصلیٹ کو درپیش سیکیورٹی خدشات سے افغان حکام کو آگاہ کر دیا ہے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی وزارت خارجہ نے افغان حکومت کو جلال آباد میں پاکستان کا قونصل خانہ بند کرنے سے متعلق خط لکھ دیا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کے مقامی حکام پاکستان کے کونصل خانہ کے امور میں رکاوٹ بن رہے تھے، جس بنا پر قونصل خانہ بند کردیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں