کرن جوہر کرینا کپور سے شادی کرنے کے خواہاں

ای میل

دونوں کو بہترین دوست بھی سمجھا جاتاہے—فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے
دونوں کو بہترین دوست بھی سمجھا جاتاہے—فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے

بولی وڈ فلم ساز کرن جوہر یوں تو زیادہ تر اقربا پروری کو فروغ دینے کی وجہ سے خبروں میں رہتے ہیں، تاہم وہ اپنے چیٹ شو ‘کافی ود کرن’ کے حوالے سے بھی خبروں میں رہتے ہیں۔

کرن جوہر کے حوالے سے بولی وڈ میں مشہور ہے کہ وہ جہاں اداکاروں اور فلم سازوں کے بچوں کو فلموں میں متعارف کراتے ہیں، وہیں ان کے تعلقات اور دوستیاں بڑی بڑی اداکاروں کے ساتھ ہیں۔

جہاں کرن جوہر کا نام کاجول، فلم ساز فرح خان اور دپیکا پڈوکون جیسی اداکاروں کے ساتھ جوڑا جاتا ہے، وہیں انہیں کرینہ کپور کا بھی بہت اچھا دوست مانا جاتا ہے۔

لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ کرن جوہر نے کسی اداکارہ کا نام لے کر اس کے ساتھ شادی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

آن لائن نشریاتی ادارے ’ووٹ’ کے چیٹ شو ‘فیٹ اپ ود اسٹارس’ میں بات کرتے ہوئے کرن جوہر نے کرینہ کپور کے ساتھ شادی کرنے کی خواہش کا اظہار کرکے سب کو حیران کردیا۔

جی ہاں، چیٹ شو کی میزبان انیتا شروف نے جب ان سے سوال کیا کہ وہ کون سی اداکارہ ہیں جن کے ساتھ وہ شادی کرنا چاہیں گے۔

کرن جوہر نے کچھ سوچے بغیر بولی وڈ کے چھوٹے خان اور ایک بچے کی ماں کرینہ کپور کا نام لیا اور کہا کہ اگر انہیں موقع ملے تو ان سے ہی شادی کریں گے۔

کرن جوہر نے کرینہ کپور سے شادی کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے وضاحت کی کہ وہ ایک دلچسپ ساتھی ہیں اور ان کے ساتھ زندگی بہت خوش اور رنگین گزرے گی۔

انٹرویو کے دوران فلم ساز نے ذاتی زندگی سے متعلق بھی اہم انکشافات کیے—اسکرین شاٹ
انٹرویو کے دوران فلم ساز نے ذاتی زندگی سے متعلق بھی اہم انکشافات کیے—اسکرین شاٹ

اسی انٹرویو کے دوران کرن جوہر نے ذاتی زندگی سے متعلق دیگر سوالوں کے بھی جواب دیے۔

کرن جوہر نے انٹرویو کے دوران یہ بھی انکشاف کیا کہ کرینہ کپور کے کزن یعنی چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور ان سے متعلق ہر بات جانتے ہیں۔

کرن جوہر نے کہا کہ رنبیر کپور کے پاس ان کے موبائل کا پاس ورڈ ہونے سمیت سوشل اکاؤنٹس کے پاس ورڈز بھی ہیں اور وہ ان سے متعلق ہر اچھی اور بری بات جانتے ہیں۔

انٹرویو کے دوران کرن جوہر نے اپنے سروگیسی بچوں کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ اگرچہ وہ شادی شدہ نہیں ہیں، تاہم وہ بچوں کے پیمپرز خود ہی بدلتے ہیں اور انہیں ایک ماں کا پیار دیتے ہیں۔

کرینہ کپور نے 2012 میں سیف علی خان سے شادی کی تھی، انہیں ایک بیٹا بھی ہے—فوٹو: نیو انڈین ایکسپریس
کرینہ کپور نے 2012 میں سیف علی خان سے شادی کی تھی، انہیں ایک بیٹا بھی ہے—فوٹو: نیو انڈین ایکسپریس

خیال رہے کہ کرن جوہر نے شادی نہیں کی، تاہم ان کے ہاں 2017 میں کرائے کی کوکھ (سرو گیسی) کے ذریعے جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی تھی۔

ان کے ہاں ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہوئی تھی، جن پر انہوں نے اپنے والدہ یش اور والدہ روہی کے نام رکھے۔

کرن جوہر ماضی میں بھی کرینہ کپور کو اپنی بیوی بنانے کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق کرن جوہر اور کرینہ کپور نے زندگی کے کافی سال ایک ساتھ گزارے اور وہ ایک دوسرے کے انتہائی قریب سمجھے جاتے ہیں، جس وجہ سے ہی کرن جوہر نے اداکارہ سے شادی کی خواہش کا اظہار کیا۔

فلم ساز پہلے بھی اداکارہ کے ساتھ شادی کی خواہش ظاہر کر چکے ہیں—فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے
فلم ساز پہلے بھی اداکارہ کے ساتھ شادی کی خواہش ظاہر کر چکے ہیں—فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے