لاہور کے علاقے ڈیفنس 'بی' کے ایک گھر سے 26 سالہ ماڈل انعم تنولی کی پھندا لگی لاش برآمد کی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ خودکشی ہے یا کچھ اور اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ انعم کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے جنرل ہسپتال کے مردہ خانے منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ انعم تنولی دو ماہ قبل اٹلی سے پاکستان واپس آئی تھیں اور انہوں نے فیشن ڈیزائنگ کا کورس کر رکھا تھا۔

پولیس کا مزید کہنا تھا کہ تحقیقات کو آگے بڑھانے کے لیے ماڈل کی والدہ کا بیان بھی قلمبند کرلیا گیا ہے۔

انعم کے اہلخانہ کے مطابق ماڈل گزشتہ کچھ عرصے سے ذہنی دباؤ کا شکار تھی اور ان کا علاج بھی جاری تھا۔

مزید پڑھیں: سابق ماڈل، لکھاری عینی علی خان، اپنی رہائش گاہ میں آگ لگنے کے باعث ہلاک

واضح رہے کہ رواں سال جولائی میں سابق ماڈل اور فری لانس صحافی قرۃالعین (عینی) علی خان کی لاش ان کی رہائش گاہ سے بر آمد کی گئی تھی۔

سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) جنوب عمر شاہد نے ڈان کو بتایا کہ ان کی لاش کراچی جم خانہ کے قریب واقع قصر زینپ بلڈنگ کے تیسرے فلور سے بر آمد کی گئی۔

ان کی لاش کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کردیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی دم گھٹنے کی وجہ سے ہلاکت کی تصدیق کی تاہم ان کا کہنا تھا کہ لاش پر کسی قسم کے جلنے یا چوٹ لگنے کے نشانات موجود نہیں تھے۔

سابق ماڈل، 38 سالہ عینی کا تعلق صحافت سے بھی تھا اور انہوں نے ڈان، ہیرالڈم سلیٹ، ایکپریس ٹربیون، ایشیا سوسائٹی اور کاروان سمیت دیگر پبلیکیشنز کے لیے بھی کام کرچکی تھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں