اسلام آباد: عدالت عظمیٰ نے قومی ائیرلائن (پی آئی اے) کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) مشرف رسول کی تقرری کو کالعدم قرار دے دیا۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پی آئی اے نجکاری خصوصی آڈٹ کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ مشرف رسول کی تعیناتی کے خلاف پی آئی اے افسرز ایسوسی ایشن نے عدالت سے رجوع کیا تھا اور موقف اختیار کیا تھا کہ جس کمیٹی نے مشرف رسول کا نام تعیناتی کے لیے بھجوایا تھا وہ غیر قانونی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو کو فوری برطرف کرنے کی تجویز

واضح رہے کہ 26 اگست کو آڈیٹر جنرل آف پاکستان (اے جی پی) نے قومی ایئر لائن کے چیف ایگزیکٹو افسر مشرف رسول سیاں کو فوری طور پر برطرف کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔

اے جی پی کی رپورٹ کے مطابق حکام نے زور دیا کہ سی ای او کو ملنے والی تمام تنخواہیں اورمراعات بھی واپس لی جائیں اور وزیراعظم کے سابق مشیر سردار مہتاب عباسی کے خلاف تحقیقات شروع کی جائے کہ ’کیا وہ مشرف رسول سیاں کی تعیناتی میں ملوث تھے‘۔

دوران سماعت جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ مشرف رسول کو تقرری سے قبل سول ایوی ایشن کا تجربہ بھی نہیں تھا، جب بنیاد ہی غلط ہو تو پوری عمارت گر جاتی ہے۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے کا خسارہ 406 ارب تک پہنچ گیا

عدالت نے چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کا طریقہ قانون اور رولز کے خلاف قرار دیا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ مشرف رسول کی تقرری میں گائیڈ لائن کی خلاف ورزی ہوئی، کیا مشرف رسول کا بورڈ نے انٹرویو لیا؟

انہوں نے کہا کہ سردار مہتاب عباسی کا بطور سیاستدان احترام کرتے ہیں، پی آئی اے کے سی ای او مشرف رسول سردار مہتاب کے پی ایس او رہ چکے ہیں۔

عدالت نے کہا کہ پی آئی اے خسارے میں چل رہا ہے، ایسے اداروں کو چلانے کے لیے اچھے لوگوں کی ضرورت ہے، اتنے بڑے ادارے کو چلانے کے لیے گورنر کے عہدے سے ہٹا کر مہتاب عباسی کو سول ایوی ایشن میں تعینات کیا گیا، حالانکہ ان کا ہوا بازی کے حوالے سے کوئی تجریہ نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ: ’پی آئی اے کے 10 سال کے اکاؤنٹ کی تفصیلات طلب‘

اس دوران پی آئی اے کے وکیل نعیم بخاری نے عدالت کو بتایا کہ آڈٹ حکام کو 95 فیصد ریکارڈ فراہم کردیا۔

اس ضمن میں عدالت کو بتایا گیا کہ پی آئی اے کے کچھ افسران ریکارڈ نہیں دینا چاہتے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ کوئی افسر ریکارڈ دینے سے انکار کیسے کر سکتا ہے۔

عدالت نے مشرف رسول کی بطور سی ای او تقرری کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں