پہلی فلم ریلیز ہوتے ہی دوسری فلم بنانے کا اعلان

03 ستمبر 2018
فلم کو تین دن قبل ہی ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ
فلم کو تین دن قبل ہی ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ

بولی وڈ میں فلموں کا سیکوئل بنانے کا کوئی نئی بات نہیں، اگرچہ کئی فلموں کے سیکوئل ڈیڑھ دہائی بعد بننے جا رہے ہیں، وہیں کچھ فلمیں ایسے بھی ہیں جن کی پہلی فلم ریلیز ہوتے ہی دوسری فلم بنانے کا اعلان کیا جاتا ہے۔

رومانٹک ہارر فلم ‘استری’ بھی ایسی ہی فلموں میں شامل ہے، جن کی پہلی فلم کو ریلیز کرتے ہی اس کی دوسری فلم بنائے جانے کا اعلان کردیا گیا۔

حیران کن بات یہ ہے کہ ‘استری’ نے ریلیز کے تین دن میں نہ تو 100 کروڑ روپے کمائے اور نہ ہی پچاس کروڑ لیکن اس باوجود اس کے سیکوئل کا اعلان کردیا گیا۔

شردھا کپور اور راج کمار راؤ کی فلم ’استری’ کو یکم ستمبر کو ریلیز کیا گیا تھا اور فلم نے ابتدائی دن میں 31 کروڑ روپے کماکر اگرچہ اچھا آغاز کیا ہے، تاہم اس کی کمائی اتنی زیادہ نہیں کہ اس کے ریلیز ہوتے ہی اس کے سیکوئل کا اعلان کیا جائے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق ‘استری’ نے 3 ستمبر تک بھارت بھر سے 31 کروڑ روپے سے زائد پیسے بٹورے۔

فلم کی ٹیم نے سیریز کی دوسری فلم بنانے کا بھی اعلان کردیا—اسکرین شاٹ
فلم کی ٹیم نے سیریز کی دوسری فلم بنانے کا بھی اعلان کردیا—اسکرین شاٹ

فلم نے ریلیز کے پہلے دن 6 کروڑ 82 لاکھ روپے بٹورے تھے، تاہم دوسرے دن اس نے 10 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی۔

استری نے تیسرے دن 13 کروڑ روپے سے زائد پیسے بٹورے، یوں فلم نے ابتدائی 3 دن میں 31 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی۔ لیکن فلم کو ریلیز کرتے ہوئے اس کی ٹیم نے اس کا سیکوئل بنانے کا اعلان کردیا۔

ڈی این اے انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ فلم پروڈیوسر نے اس بات کی تصدیق کی کہ ’استری’ کا سیکوئل بنایا جائے گا اور اسے آئندہ برس کے آخر تک ریلیز کردیا جائے گا۔

فلم پروڈیوسر کے مطابق فلم کے مرکزی کردار شردھا کپور اور راج کمار راؤ ہی نبھائیں گے اور ان کے کرداروں کی کہانی کو ہی آگے بڑھایا جائے گا۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ فلم کی دیگر کاسٹ میں اور کون سے اداکار شامل ہوں گے، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ سیکوئل میں بھی پہلی فلم کے زیادہ تر اداکار شامل ہوں گے۔

پہلی فلم کی ہدایات امر کوشک نے دی، جب کہ اسے دنیش وجن اور راج اینڈ ڈی کے نے پروڈیوس کیا۔

جہاں فلم کے ٹریلر نے شائقین کو متاثر کیا تھا، وہیں فلم کے گانوں نے بھی پہلے ہی دھوم مچادی تھی۔

اس فلم میں مراکشی ڈانسر نورا فتیحی کا آئٹم گانا ’کمریا’ بھی شامل ہے، جس نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی تھی۔

اس کے علاوہ فلم کے گانے ‘ملے گی ملے گی’ اور ‘نظر نہ لگ جائے’ سمیت ‘آؤ کبھی حویلی پہ’ نے بھی شائقین کو بے حد متاثر کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں